واشنگٹن: امریکہ کی نائب صدر کملا ہیریس نے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی کو قبول کر لیا ہے ۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے چار روزہ نیشنل کنونشن کے آخری روز صدارتی امیدوار کملا ہیریس نے خطاب کیا۔کملا ہیریس نے کنونشن میں صدارتی الیکشن کیلئے ڈیموکریٹک نامزدگی قبول کرلی۔ڈیموکریٹک پارٹی کے کارکنوں اور ورکروں سے اپنے خطاب میں کملا ہیریس نے کہا کہ امریکہ اورعوام سے محبت میری پرورش میں شامل تھی، امریکہ اورعوام میرے لیے سب سے بڑھ کر ہے ، اگرمیں صد ربن گئی تو ہم مزید مظبوط ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ امریکی آزادی کیلئے ہمیشہ جدوجہد کروں گی، ڈونلڈ ٹرمپ بہت سے معاملات میں غیر سنجیدہ انسان ہیں، ٹرمپ کے دوبارہ وائٹ ہاؤس میں آنے کے نتائج سنگین ہوں گے ۔کملا ہیریس نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر امریکہ کو ایک نیا مستقبل دوں گی۔ امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹک امیدوار نے کہا کہ اگر صدر منتخب ہوئی تو نیٹو اتحادیوں اور یوکرین کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔ان کا کہنا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کو عملی جامہ پہنایا جائے ، میں ہمیشہ اسرائیل کے حق کے دفاع کیلئے کھڑی رہوں گی۔