کنویں میں کودنے والے شوہر کو بیوی نے بچایا

   

حمیرپور ( یو پی) میاں اور بیوی میں جھگڑے کے قصے تو ہم سنتے ہی ہیں لیکن اُن میں اٹوٹ محبت بھی ہوتی ہے ۔ ایسا ہی ایک واقعہ یو پی کے حمیر پور میں پیش آیا جہاں 35 سالہ ہنس کمار کا اپنی 32سالہ بیوی سنیتا سے کسی بات پر جھگڑا ہوگیا اور وہ غصہ میں گھر سے نکلا اور پاس ہی موجود ایک کنویں میں کود گیا لیکن جیسے ہی وہ ڈوبنے لگا ، اُس نے مدد کیلئے چلانا شروع کردیا اور کنویں کے باہر اچھی خاصی بھیڑ جمع ہوگئی ۔ شوروغل کی آواز سن کر سنیتا بھی اپنے گھر سے باہر آئی ۔ اس نے دیکھا کہ کنویں میں اس کا شوہر ڈوب رہا ہے اور ہاتھ پاؤں مار رہا ہے ۔ سنیتا نے فوری کہیں سے ایک رسی کا انتظام کیا اور اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر کنویں میں اتر گئی ، تب تک اس کا شوہر بے ہوش ہوگیا تھا ۔ اس وقت دیگر لوگوں نے بھی سنیتا کو رسی کے ذریعہ کنویں سے باہر آنے میں اس کی مدد کی ۔ بعد ازاں اُس کے شوہرکو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ ہوش میں آگیا ۔ تاہم اسے معمولی فریکچر بھی ہوا جس کا علاج کیا جارہا ہے ۔