سنٹ پیٹرسبرگ ۔ فیفاورلڈ کپ قطر2022 کے لئے مجوزہ ٹورنمنٹ کے مقامات اورمیزبان ملک کامنصوبہ اور آپریشن پر عمل کروانے کی ذمہ داری اداکررہی ڈلیوری اینڈ لیگیسی ایپکس آرگنائزنگ کمیٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مواصلات فاطمہ النعامی نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے دوران دس سے زیادہ فٹ بال میچ منعقد کرنے کے بعد قطر نے بڑے ایونٹس کے تعلق سے سخت طبی طریقہ کار تیارکئے ہیں، اس لئے اسے یقین ہے کہ وہ 2022 میں فیفا ورلڈ کپ کی محفوظ میزبانی کرسکتا ہے ۔النعامی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہاگزشتہ سال کورونا وبا کے دوران جب دنیا کو ٹورنمنٹ کی میزبانی کرنے کے چیلنج کا سامنا کرناپڑاتھا اورجب فٹ بال کیلنڈر منسوخ کردیا تھا تب ہم نے کچھ سخت طبی طریقہ کار کو تیارکرنا شروع کیا تھا، تاکہ ہم فٹ بال کو اسٹیڈیم میں واپس لاسکیں۔مواصلات کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ذکر کیا کہ قطر نے2020 میں60 اے ایف سی چمپئن لیگ مقابلوں کی میزبانی کی تھی، جس میں تقریباً 900 کھلاڑی شامل تھے ۔ انہوں نے کہا ہم اعلیٰ طریقہ کارکو قائم کرنے اورسیکھنے کے اہل ہیں۔ 2020 کے آخر تک قطر اسٹیڈیم میں شائقین کی موجودگی کو20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کرنے میں کامیاب رہاتھا۔قطرکو2021 کے آخر تک بھی شائقین کی تعدادمیں اضافہ کی توقع ہے ، کیونکہ دنیا بھر میں وسیع پیمانے پر کورونا کی ٹیکہ کاری ہورہی ہے ۔فیفا کے صدر جیانی انفینٹنو نے بھی فروری میں ایک بیان میں کہا ہے کہ 2022 ورلڈکپ کے میچ اسٹیڈیم میں شائقین کی پوری صلاحیت کے ساتھ ہوں گے ، کیونکہ تب تک دنیا کے کورونا وبا سے ابرنے کی امید ہے ۔قابل ذکر ہے کہ فیفا ورلڈ کپ2022 قطرمیں21 نومبر سے 18 دسمبر 2022 تک منعقد کیا جائے گا۔