حیدرآباد: ملک بھر میں کوروناکے مریض آکسیجن، اسپتال،بستروں اور دیگر طبی سہولیات کی تلاش میں پریشان ہیں، ان پریشان کن حالات میں اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) نے پریشان حال لوگوں کی فوری و ممکنہ امداد کرنے اور وسائل سے مربوط کرنے کے لئے رضاکاروں کی ایک وسیع قومی ٹیم تشکیل دی ہے ۔ ‘کوڈ ریلیف ٹاسک فورس’ کے نام سے تلنگانہ بھر میں ایک ہزار سے زیادہ والنٹیرز متحرک ہو چکے ہیں، جو 24گھنٹے اس چیز کو یقینی بنانے میں مصروف ہیں کہ کورونامریضوں کو آکسیجن، اسپتال بستر، پلازمہ، ادویات اور دیگر طبی سہولتیں وقت پر دستیاب ہوجائیں۔ ہندوستان بھر میں اور بالخصوص تلنگانہ میں ایس آئی او کے افراد مصروف ہیں۔ اس کام کے آغاز کے پہلے ہفتہ کے دوران والنٹیرز کی ٹیم نے تقریبا چارہزار کوویڈ مریضوں کی درخواستوں کو وصول کیا ہے اور تقریباً 3000مریضوں کو وسائل فراہم کنندگان کے بارے میں تصدیق شدہ معلومات فراہم کی ہیں۔اس کے علاوہ ڈاکٹرس کے ذریعہ آن لائن مدد بھی فراہم کی جارہی ہے جس کے لئے 451 نوجوان ڈاکٹروں کی ٹیم بھی موجود ہے ۔ ان تمام کاموں کو مربوط کرنے کے لئے حیدرآباد میں واقع ایس آئی او کے ریاستی دفتر پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ایس آئی او کے ریاستی صدر ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین نے کہا کہ ریلیف کے کاموں میں حصہ لینا اور ضرورت کے وقت لوگوں کی مدد کرنا درحقیقت اسی کی طرف تعلیم ترغیب دلاتی ہے ، اسی لے اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا طلبہ و نوجوانوں کونہ صرف تعلیم کے صحیح مقصد سے واقف کرواتی ہے اس کے ساتھ ساتھ انہیں لوگوں کی مدد کرنے اور لوگوں کے لئے نافع بننے کی طرف بھی ترغیب دلاتی ہے ۔ کوروناکی دوسری لہر نے ملک کو بری طرح متاثر کیا، ایسی نازک صورتحال میں طلبہ و نوانوں کی طرف سے ہمیں زبردست تعاون ملا۔ تقریباً ایک ہزار نوجوانوں نے ڈسک اور فیلڈ ورک کے لئے رجسٹریشن کروایا۔ ہم نے ایک ہیلپ لائن نمبر 7303373374 جاری کیا جس سے لوگوں کو صحیح وقت پر آکسیجن، اسپتال،بستر، پلازمہ اور دیگر طبی سہولیات فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہمارے والنٹرس گراونڈ سے بستروں، آکسیجن، پلازمہ وغیرہ کا ڈاٹا جمع کرتے ہیں جسے ہر چھ گھنٹے میں اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے ، ہیلپ لائن کا نظام بہت آسان ہے جس سے عام لوگ آسانی سے مدد حاصل کرسکتے ہیں۔ محض چھ دنوں میں ہمیں 5000 کالس موصو ل ہوئیں جس میں 200 کالز ڈاکٹرز سے آن لائن مدد کے سلسلہ میں تھیں جسے ہم نے ہمارے پاس موجود451نوجوان ڈاکٹروں کے ذریعہ مدد پہچائی۔ یہ کام آگے چل کر مزید بڑھنے کے امکانات ہیں جس میں ہمیں مزید والنٹرز کی ضرورت ہوگی۔ ایس آئی او نے 30اپریل کوایک ہیلپ لائن نمبر جاری کیا جو کہ مکمل 24 گھنٹے سرگرم عمل رہے گا۔ ریاست میں پھیلے تمام مریضوں کی مدد کے لئے ضلعی سطح پر بھی والنٹیئر کی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ ایس آئی او کی ضلعی یونٹس نے پلازمہ عطیہ دہندگان کے لیے اندراج کی ایک مہم بھی چلائی، جن میں سے بہت سے مریضوں کو عطیہ دہندگان سے پلازمہ دیا گیا، تاہم پلازمہ کی ضرورت بہت زیادہ ہے لیکن عطیہ دہندگان کی تعداد بہت کم۔ ڈاکٹر طلحہ نے کہا کہ کہ یہ ایسا وقت ہے جس میں لوگوں کے لئے کسی بھی قسم کی مدد ضروری اور امید افزاں ہے ۔اپنی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے انسانیت کے لئے آگے آنا اور لوگوں کی مدد کرنا درحقیقت انسانیت اور ہمدردی کی پہچان ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ریلیف کے کام کے علاوہ ایس آئی او عوام میں کوروناکے متعلق بڑے پیمانے پر شعور بیداری کا کام بھی انجام دے رہی ہے ۔ نظام آباد، حیدرآباد اور عادل آباد میں مفت ماسک کی تقسیم، کارنر میٹ اور دیگر ذریعہ کے استعمال سے لوگوں میں کرونا کی سنگینی اور احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں شعور بیداری پروگرام چلائے گئے تاکہ لوگ بیماری سے پریشان ہونے کے بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اس بیماری سے محفوظ رہیں۔