کولکاتا کی چھ منزلہ ہوٹل میں آتشزدگی ،14افراد کی موت

,

   

کولکاتا: مرکزی کولکاتا کی ایک چھ منزلہ ہوٹل میں منگل کی دیر رات آگ لگنے سے دو بچوں سمیت کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔مرنے والوں میں 11 مرد، ایک خاتون اور دو بچے شامل ہیں۔ فائر بریگیڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ ان میں سے زیادہ تر کی موت دم گھٹنے سے ہوئی کیونکہ گھنے دھوئیں نے مچھوا بازار میں ہوٹل رتوراج کو لپیٹ میں لے لیا تھا۔ یہ بنیادی طور پر دوسری ریاستوں کے تاجر قیام کرتے ہیں۔کولکتہ پولیس کے ایک سینئر آئی پی ایس افسر نے بتایاکہ کم از کم 14 افراد مارے گئے ہیں۔ ہم نے ان میں سے آٹھ کی شناخت کر لی ہے ۔ مزید 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سبھی کو قریبی ہاسپٹلوں میں پہنچایا گیا ہے جبکہ 12 کو ہاسپٹلوں سے فارغ کر دیا گیا ہے ، ایک کو داخل کیا گیا ہے ۔ایک ہوٹل کے عملے کی، جس کی شناخت منوج پاسواس کے طور پر ہوئی، کی ایک منزل سے چھلانگ لگانے کے بعد موت ہو گئی۔فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار نے بتایاکہ کئی بورڈرز اور ہوٹل کا عملہ سیڑھیوں پر چڑھ کر چھت اور بالائی منزل کی بالکونیوں کے ذریعہ اپنی جان بچائی۔فائر بریگیڈ انتظامیہ کے مطابق آگ گزشتہ رات 8 بجکر 20منٹ پر مدن موہن برمن اسٹریٹ پر واقع چھ منزلہ ہوٹل کی پہلی منزل پر لگی۔ کم از کم 10 فائر ٹینڈرز کو تعینات کیا گیا تھا۔ آج صبح تقریباً ساڑھے تین بجے آگ پر قابو پالیا گیا۔ کولکاتاکے میئر فرہاد حکیم اور کلکتہ کے پولس کمشنر منوج ورما سینئر پولیس اور فائر بریگیڈ افسران کے ساتھ رات کو موقع پر گئے ۔فرہاد حکیم نے آج صبح سویرے نامہ نگاروں کو بتایاکہ پولیس اور فائر بریگیڈ یہ جاننے کیلئے تحقیقات کریں گے کہ یہ کیسے ہوا۔