کولکاتا کیس : ترنمول نے سکریٹریٹ گھیرائو مہم کے ویڈیو جاری کئے

   

کولکاتا : آرجی کار میڈیکل کالج و اسپتال میں جونیئر ڈاکٹرکی عصمت دری اورقتل کے خلاف ‘پچھم بنگا چھاتراسماجی ’نامی تنظیم نے منگل کو ریاستی سیکریٹریٹ نوبنو مہم گھیرائو کا اعلان کیا ہے ۔آج ترنمول کانگریس نے پریس کانفرنس کے ذریعہ دھماکہ خیز الزامات عائد کرتے ہوئے دو ویڈیو جاری کئے ہیں ۔اس کے ذریعہ ترنمول کانگریس کی سینئر لیڈر و ریاستی وزیر چندریما بھٹا چاریہ اور کنال گھوش نے دعویٰ کیا ہے نوبنو پروگرام کے ذریعہ بنگال حکومت کے خلاف سازش رچی جارہی ہے اور اس کا مقصد ریاست میں خلفشار مچانا ہے ۔ترنمول نے پیر کی سہ پہر بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے دو خفیہ ویڈیو بھی جاری کیے ہیں۔اس ویڈیو کی یواین آئی نے تصدیق نہیں کی ہے ۔اس ویڈیو میں ایک گفتگو کی جارہی ہے جس میں کہا جارہا ہے کہ مجھے جسم چاہیے ۔اس کے جواب میں دوسرا شخص کہتا ہے کہ جسم پڑھے گا۔ ربڑ کی گولیاں کام کریں گی ۔اس ویڈیو کے جاری ہونے کے بعد ریاست کی سیاست گرما گئی ہے ۔نوبنو مہم سے بائیں بازو اور کانگریس دونوں نے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے ۔ بائیں بازو اور کانگریس دونوں نے بی جے پی پر آر جی کارواقعے کوسیاسی رنگ دینے کا الزام عائد کیا ہے ۔سی پی ایم کی نوجوان لیڈر دپسیتا داہر نے کہاکہ بی جے پی نوجوانوں کے جذبات کو سیاست کی روٹی پکانے کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ آئیے امید کرتے ہیں کہ انصاف کیلئے بنیادی تحریک برقرار رہے گی اور جو لوگ تنگ سیاسی مفادات کو پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں وہ الگ ہو جائیں گے ۔آر جی کارواقعہ کے بعد ریاست میں جو احتجاج شروع ہوا ہے ، اس میں کانگریسی کیمپ بھی سیاست کی ملاوٹ کا الزام لگا رہا ہے ۔