بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج رکشا بندھن کا تہوار ان بچوں کے ساتھ منایا جنہوں نے کووڈ سے اپنے والدین کو کھو دیا تھا۔’شیوراج ماں کے گھر راکھی’ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر چوہان نے کہا کہ اس سے قبل وہ ان بچوں کے ساتھ دیوالی منا چکے ہیں۔ آج ہم رکشا بندھن بھی منا رہے ہیں۔ انہوں نے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ بچے کبھی اکیلے نہیں ہو سکتے ، سب ان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ان بچوں کے والدین بھلے ہی اس دنیا میں نہ ہوں لیکن ان کے خوابوں کو پورا کرنا ہے ۔ بچے اپنے خواب پورے کریں، حکومت ہر قدم پر ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ کئی عظیم انسانوں نے اپنے والدین کو بچپن میں کھو دیا لیکن پھر بھی زندگی میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد کامیابی حاصل کر کے انہوں نے دنیا کو حیران کر دیا۔ انہوں نے بچوں سے 13 سے 15 اگست تک اپنے اپنے گھروں پر ترنگا لہرانے کی بھی اپیل کی۔آج کے پروگرام میں بچے دیوالی پر مکمل ہونے والے پروگرام کی تصویری نمائش دیکھ کرخوش ہوئے ۔ انہوں نے پروگرام سے جڑی یادیں بھی شیئر کیں۔