حیدرآباد4 دسمبر(یواین آئی) ٹی آرایس کی رکن کونسل کے کویتا نے اتوار کی صبح پرگتی بھون میں اپنے والد چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی۔کویتا کو سی بی آئی نے دہلی شراب اسکام میں پوچھ گچھ کیلئے نوٹس دی تھی۔گذشتہ روز کے علاوہ وہ آج بھی پرگتی بھون پہنچیں اور والد سے ملاقات کی جہاں ان سے دہلی شراب معاملہ میں تبادلہ خیال کیاگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کویتا کو پرگتی بھون میں ماہرین قانون نے مشورہ دیا ہے کہ سی بی آئی سے پوچھے جانے والے سوالات کا کیسے جواب دیاجائے ۔ کویتا نے کل بھی چندرشیکھرراوکے ساتھ بات چیت کے بعد سی بی آئی حکام کو ایک خط لکھا اور مرکز سے ان کے خلاف شکایت اور ایف ایس آئی آر کی نقل فراہم کرنے کی خواہش کی تاہم سی بی آئی نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا ۔ دہلی شراب گھوٹالے میں کویتا سے مرکزی جانچ ایجنسی کی پوچھ گچھ تلنگانہ کی سیاست میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے ۔