کھیلو انڈیا کے تحت چھوٹے شہروں کو ترجیح

   

نئی دہلی۔ حکومت نے کہا ہے کہ کھیلو انڈیا کے تحت ملک میں باصلاحیت کھلاڑی ابھر رہے ہیں اور اس اسکیم کو آگے بڑھانے کے لیے ملک میں ایک ہزار کھیلو انڈیا سینٹر قائم کیے جائیں گے ۔ دیہی علاقوں میں کھیلوں کے لیے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کھیلوں کے وزیر مملکت نستھ پرمانک نے منگل کو لوک سبھا میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کا مقصد ایک ہزار کھیل مراکز قائم کرنے کا ہے اور اس سلسلے میں اب تک 448 مراکز قائم کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلو انڈیا کے لیے 2397 کروڑ روپے کی لاگت سے یہ مراکزقائم کرے گی۔ اس کے تحت اب تک ایک ہزار کروڑ روپے منظور ہو چکے ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اوران مقامات سے عام خاندانوں کے ہونہار نوجوانوں کو اسکیم سے جوڑا جاسکے اس کے لئے چھوٹے مقامات پر ان مراکز کو ترجیحی بنیاد پرقائم کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کھیلوں کو فروغ دیا جا سکے اور باصلاحیت نوجوانوں کو اس سے جوڑا جا سکے اس کے لئے پورے ملک میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو اہمیت دی جارہی ہے ۔