کیرالا حکومت کی میگا اونم بمپر لاٹری میں 25 کروڑ روپئے انعام کے فاتح انوپ کو جیتنے پر افسوس

   

تھروننتا پورم : کیرالا حکومت کی میگا اونم بمپر لاٹری میں 25 کروڑ روپئے کا انعام جیتنے کے اعلان کے صرف پانچ دن بعد فاتح آٹو رکشا ڈرائیور انوپ کا کہنا ہے کہ اسے اپنے انعام جیتنے پر افسوس ہے۔ اس نے کہا کہ میں نے ذہنی سکون کھودیا ہے اور میں اپنے گھر میں بھی نہیں رہ سکتا کیونکہ جہاں میں رہتا ہوں ایسے لوگوں کا تانتا بندھا ہوا ہے جو مجھ سے بات کرنے کے لئے آتے ہیں کہ میں نے پہلا انعام جیت لیا ہے۔ انوپ نے کہا کہ وہ تمام ذہنی سکون کھوچکا ہے جس کا انعام جیتنے تک اس نے لطف اٹھایا تھا۔ انوپ اپنے بیوی ، بچے اور ماں کے ساتھ سریکا کولم میں رہتا ہے جو تھروننتا پورم سے تقریباً 12کیلو میٹر دور ہے۔ انوپ نے اس لاٹری کا ٹکٹ ایک مقامی ایجنٹ سے اپنے بچے کے سیونگ باکس سے لئے گئے پیسوں سے خریدا تھا۔ انوپ نے کہا کہ لاٹری کی رقم کے اعلان کے بعد مجھے گھر بدلنا پڑا ہے ، پہلے میں اپنی بہن کے گھر جاکر رہنے لگا لیکن لوگ پتہ تلاش کرتے ہوئے وہاں پہنچ گئے۔ میں اب یہاں آیا ہوں کیونکہ میرا بچہ بیمار ہے۔ میرے پاس پیسے بھی نہیں ہیں۔ اب میں یہ سوچتا ہوں کہ کاش مجھے اتنے پیسے نہ ملتے یا مجھے پہلا نہیں بلکہ تیسرا انعام جیتنا چاہیئے تھا۔