کیرالا سکریٹریٹ کے آس پاس فلموں کی شوٹنگ پر پابندی

   

تھرواننتھاپورم۔ حکومت کیرالا نے ریاستی سکریٹریٹ یا اس کے آس پاس فلموں کی شوٹنگ کرنے پر پابندی عائد کردی ہے جس کے لئے گزشتہ ماہ ہی احکام جاری کئے گئے تھے۔ یاد رہے کہ سکریٹریٹ کے علاقہ کو سیکوریٹی کے معاملہ میں ایک انتہائی حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے، لیکن جب فلموں کی شوٹنگ ہوتی ہے تو وہاں عوام کی بھیڑ اکٹھا ہو جاتی ہے جس سے آس پاس کے علاقہ میں سیکوریٹی کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ سکریٹریٹ کی عالیشان عمارت 1869 میں تعمیر کی گئی تھی جس میں رومن اور ڈچ طرز تعمیر صاف جھلکتا ہے جس کا شمار اب ہیرٹیج عمارتوں میں ہوتا ہے۔ البتہ کچھ خاص یعنی تاریخی یا دستاویزی فلموں کے لئے شوٹنگ کی اجازت وزیر اعلیٰ سے حاصل کی جاسکتی ہے۔