کیرالا کے دو مسلم طلباء باسط اور جابر نے آن لائن رامائن کوئز مقابلہ جیت لیا

   

نئی دہلی: ملاپورم، کیرالا سے تعلق رکھنے والے دو مسلم طلباء باسط اور جابر نے آن لائن رامائن کوئز مقابلہ جیت کر سب کو حیران کر دیا ہے۔ عظیم مہاکاوی کے گہرائی سے مطالعہ نے باسط اور جابر کو کوئز مقابلہ میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد کی ہے۔ مقابلے کا انعقاد معروف پبلشر کمپنی ڈی سی بوکس نے آن لائن کیا تھا۔ دونوں شمالی کیرالا ضلع کے ویلانچیری میں کے کے ایس ایم اسلامک اینڈ آرٹس کالج کے طالب علم ہیں۔ طلباء کا کہنا تھا کہ وہ بچپن سے ہی اس مہاکاوی کے بارے میں جانتے ہیں۔ انہوں نے وافی کورس میں شامل ہونے کے بعد رامائن اور ہندو مت کے بارے میں گہرائی سے پڑھنا اور سیکھنا شروع کیا، جس کے نصاب میں تمام بڑے مذاہب کی تعلیمات ہیں۔ ان کا کہنا ہیکہ وسیع مطالعہ کرنے سے دوسرے مذاہب اور ان طبقات کے لوگوں کو مزید سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب نفرت کو فروغ نہیں دیتا بلکہ صرف امن اور ہم آہنگی کا پرچار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئز جیتنے سے انہیں مہاکاوی کو مزید گہرائی سے سیکھنے کی ترغیب ملی ہے۔