نیروبی ۔ 20 اگست (ایجنسیز) کینیا میں ہیلی کاپٹر حادثہ کے نتیجے میں ایکواڈور کے انٹیلی جنس چیف اور ان کی اہلیہ سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثہ صبح 9 بج کر 13 منٹ پر سامبورو کاؤنٹی میں پیش آیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق حادثہ میں ہلاک ہونے والے دیگر 5 افراد امریکی شہری تھے۔ کینیا سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ہیلی کاپٹر سیاحتی پرواز پر تھا اور لویسابا کی ایک وائلڈ لائف کنزروینسی سے ایواسو نیرو دریا کی جانب جا رہا تھا۔ حادثہ کی تصاویر میں ماؤنٹ اولو لوکوی کے جنگلاتی علاقے میں تباہ شدہ ہیلی کاپٹر سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ 44 سالہ مائیکل سینسی کونٹوگی کو 2024ء میں ایکواڈور کے اسٹریٹجک انٹیلی جنس سینٹر کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا تھا۔ ایکواڈور کی حکومت نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے، جبکہ سابق صدر گیلرمو لاسو نے بھی ہیلی کاپٹر حادثہ میں ان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق حادثہ میں ہلاک ہونے والے امریکی شہریوں میں این بی سی یونیورسل کے صحافی جوز البرٹو بھی شامل ہیں۔