کے سی آر کا عازمین حج کے قافلہ کو جھنڈی دکھانے سے گریز

   

2017 کے بعد چیف منسٹر حج ہاوز نہیں آئے ۔ بی جے پی کا خوف یا مسلمانوں سے دوری ؟

محمد مبشرالدین خرم
حیدرآباد۔26۔جون۔تلنگانہ راشٹر سمیتی نے 2018 انتخابات کے بعد سے ہی مسلمانوں سے دوری کا فیصلہ کرلیاہے! چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ تلنگانہ سے حج بیت اللہ کیلئے روانہ عازمین حج کو روانہ کرنے 2017 کے بعد سے اب تک حج ہاؤز نہیں پہنچے اور نہ انہوں نے عازمین کیلئے کوئی پیغام روانہ کیا ۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد بھی جاری روایت میں عازمین حج کے کسی ایک قافلہ کو چیف منسٹر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا کرتے تھے وہ بھی اب ختم ہوچکی ہے ۔ 2017 میں چندر شیکھر راؤ نے آخری مرتبہ عازمین حج کو روانہ کرنے حج ہاؤز کا دورہ کیا تھا لیکن اب 2022 میں بھی چیف منسٹر کے عازمین حج کے قافلہ کی روانگی کیلئے پہنچنے کے امکانات نہیں ہیں۔ متحدہ آندھراپردیش میں 2014 سے قبل شائد ہی کوئی ایسا سال رہا جب چیف منسٹر نے حج ہاؤز پہنچ کرعازمین سے انتظامات کے متعلق تفصیلات حاصل نہیں کی یا عازمین کے قافلہ کو روانہ کرنے کیلئے نہیں پہنچے۔ آندھرا پردیش کے آخری چیف منسٹر کرن کمار ریڈی ہوں یا ڈاکٹر کے روشیا ہوں دونوں اپنے دور اقتدار میں جب شہر میں جدوجہد تلنگانہ عروج پر تھی عازمین حج کی روانگی اور ان سے ریاست کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعاؤں کی اپیل کرنے حج ہاؤز پہنچے تھے ۔ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی نے اپنے دور اقتدار میں ناسازیٔ صحت کے باوجود بھی عازمین حج کی روانگی کیلئے حج ہاؤز پہنچ کر انہیں وداع کیا تھا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ حج 2022 کے کسی قافلہ کو روانہ کرنے اب تک نہیں پہنچے ہیں اور حج کمیٹی ذرائع کے مطابق مابقی تین پروازوں کے دوران بھی چیف منسٹر کا کوئی پروگرام شامل نہیں ہے کیونکہ 2پروازوں کے عازمین میں آندھراپردیش کے عازمین ہیں جبکہ آخری پرواز میں دونوں ریاستوں کے عازمین شامل ہیں ۔ 2017میں چندر شیکھر راؤ نے آخری مرتبہ عازمین حج کو وداع کرنے پہوچنے تھے ۔ اس کے بعد سے مسلسل 2برس عازمین کی روانگی کا سلسلہ جاری رہا لیکن چیف منسٹر نے کسی قافلہ کو روانہ نہیں کیا اور اس کے بعد کورونا کے سبب عازمین کی روانگی نہیں ہورہی تھی لیکن جاریہ سال عازمین کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے مگر شائد چیف منسٹر بی جے پی سے اس قدر خوفزدہ ہیں کہ وہ خود کی مسلمانوں سے دوری ثابت کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھنا چاہتے ۔ عازمین حج کو روانہ کرنے میں ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے علاوہ ڈاکٹر روشیا اور این کرن کمار ریڈی نے جو عقیدت کا مظاہرہ کیا اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی علاوہ ازیں نئی ریاست آندھراپردیش کے پہلے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے بھی بہ حیثیت چیف منسٹر عازمین حج کے قافلہ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا ۔