کے سی آر کی تائید نہ کرنے اکھلیش اور کمارا سوامی سے ریونت ریڈی کی اپیل

   

مودی اور کے سی آر کی ایک دوسرے کو مدد، بی آر ایس خاندانی کمپنی ، ریونت ریڈی کا الزام
حیدرآباد ۔14 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر تلنگانہ میں کے سی آر کو دوبارہ اقتدار ملتا ہے تو کسان سرکار نہیں بنے گی بلکہ لکر سرکار تشکیل پائے گی۔ نئی دہلی میں اے آئی سی سی دفتر میں پارٹی کے قومی ترجمان پون کھیرا کے ساتھ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر قومی سطح پر بی آر ایس کے قیام کے بعد اب کی بار کسان سرکار کا نعرہ لگا رہے ہیں جبکہ حقیقت میں یہ نعرہ اب کی بار لکر سرکار ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی پسندیدہ چیزوں میں شراب ایک ہے اور ان کے افراد خاندان کے شراب معاملات میں گہرے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے لکر اسکام میں کویتا کے ملوث ہونے کے معاملہ پر سی بی آئی تحقیقات کر رہی ہے۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ کانگریس کے وار روم سے سوشیل میڈیا پر کوئی پوسٹ نہیں کئے جارہے ہیں۔ پولیس نے حکومت کے اشارہ پر کانگریس کی سرگرمیوں کو کچلنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست میں شراب سے آمدنی سالانہ 10500 کروڑ سے بڑھ کر 36000 کروڑ ہوچکی ہے۔ کے سی آر نے تلنگانہ کے بعض میڈیا اداروں کو خرید لیا ہے جس کے نتیجہ میں کانگریس پارٹی سوشیل میڈیا کے ذریعہ عوامی مسائل کو پیش کر رہی ہے ۔ انہوں نے پولیس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نصف شب کو 200 سے زائد ملازمین پولیس نے اس کارروائی میں حصہ لیا۔ 50 کمپیوٹرس کو تحویل میں لے لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف پارٹی ہائی کورٹ سے رجوع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8 برسوں میں نریندر مودی اور کے سی آر ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں۔ حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے دونوں پارٹیاں ایک دوسرے پر الزام تراشی کا ڈرامہ کر رہی ہیں۔ تلنگانہ کے عوام ڈرامہ بازی کو دیکھ رہے ہیں اور انتخابات میں مناسب سبق سکھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں انکم ٹیکس ، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور سی بی آئی کی کارروائیاں محض دکھاوا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اکھلیش یادو اور کمارا سوامی کو بدعنوانیوں میں ملوث کے سی آر کی تائید سے گریز کرنا چاہئے ۔ کے سی آر کی پارٹی ایک پرائیویٹ لمٹیڈ کمپنی میں تبدیل ہوچکی ہے۔ تلنگانہ کی ذمہ داری کویتا کو دیئے جانے کی اطلاعات سے کے ٹی آر ناراض ہیں اسی لئے انہوں نے دہلی میں پارٹی آفس کی افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ ر