کے سی آر کے چاپلوسی رویہ سے توہین کا سامنا

   

وزیر اعظم نے ملاقات کیلئے وقت نہیں دیا، مقدمات کے ڈر سے کے سی آر کی خاموشی:محمد علی شبیر

حیدرآباد۔/27 اگسٹ، ( سیاست نیوز) قانون ساز کونسل کے سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے وزیر اعظم کی جانب سے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کو ملاقات کا وقت نہ دیئے جانے کو تلنگانہ عوام کی توہین قرار دیا۔ محمد علی شبیر نے ٹوئٹر پر میڈیا کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے بعض گوشوں میں خبریں شائع ہوئی ہیں کہ وزیر اعظم مودی نے کے سی آر کو ملاقات کیلئے وقت دینے سے انکار کردیا۔ وزیر اعظم کا یہ اقدام سارے تلنگانہ عوام کی توہین ہے۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ کے سی آر بھلے ہی عوامی مسائل کے سلسلہ میں لاپرواہ ہیں لیکن پھر بھی ایک منتخبہ چیف منسٹر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ملاقات سے انکار کے سی آر کیلئے ایک سبق ہے انہیں جان لینا چاہیئے کہ چاپلوسی اور خوشامد کا نتیجہ ہمیشہ بے عزتی اور توہین کی شکل میں نکلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد سے کے سی آر مرکز سے خوفزدہ ہوکر چاپلوسی کا رویہ اختیار کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت کے ہر فیصلے کی پارلیمنٹ میں تائید کی گئی اس کے باوجود وزیر اعظم نے ملاقات سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کے سی آر اپنے پرانے مقدمات کے منظر عام پر آنے کے اندیشہ کے تحت بی جے پی سے خوفزدہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی پر ٹی آر ایس کی جانب سے کھل کر تنقید سے گریز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے نریندر مودی کے دوبارہ برسراقتدار آتے ہی کے سی آر کے رویہ میں تبدیلی آچکی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کے جذبات کی پرواہ کئے بغیر طلاق ثلاثہ بل پر حکومت کی تائید کی۔ اس کے علاوہ کشمیر سے دفعہ 370 کی برخواستگی کے مسئلہ میں ٹی آر ایس پارلیمنٹ میں بی جے پی کے ساتھ کھڑی دکھائی دی ۔انہوں نے کہا کہ پہلی میعاد میں عوامی مسائل کی یکسوئی اور وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کے بعد کے سی آر سے امید کی جارہی تھی کہ دوسری میعاد میں وہ کچھ کام کریں گے لیکن کے سی آر نے خود کو پرگتی بھون تک محدود کرلیا ہے۔ کے سی آر کی طرز حکمرانی جمہوری انداز کی نہیں بلکہ ڈکٹیٹر شپ کی طرح ہے اور وہ ایک بادشاہ کی طرح اپنے محل میں محدود ہوچکے ہیں جنہیں عوام کے دکھ درد کی کوئی فکر نہیں۔ تلنگانہ میں حکومت عوام کی بھلائی کیلئے نہیں بلکہ کے سی آر خاندان کی بھلائی اور ان کے مفادات کی تکمیل کیلئے کام کررہی ہے۔