بی جے پی اور بی آر ایس کے متحدہ مقابلہ کا امکان ، پوچارم سرینواس ریڈی کو معاشی صورتحال قبول کرنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔13۔ اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے واضح کیا کہ اگر بی آر ایس اور بی جے پی متحدہ طور پر مقابلہ کرتے ہیں تب بھی آئندہ انتخابات میں کانگریس برسر اقتدار آئے گی ۔ مہیش کمار گوڑ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل پر آئندہ سال کے ٹی آر نے پد یاترا کا اعلان کیا ہے ۔ پد یاترا سے کانگریس حکومت اور پارٹی کے امکانات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت کی ناکامیوں کا کے ٹی آر کو جواب دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پد یاترا کے دوران ریاست کو معاشی بحران میں مبتلا کرنے کی تفصیلات سے عوام کو کے ٹی آر واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ فاضل آمدنی والی ریاست تلنگانہ کو مقروض ریاست بنادیا گیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اپنے دور حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے کے ٹی آر پد یاترا کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ سنگارینی کالریز میں بے قاعدگیاں اور غلط فیصلے بی آر ایس دور حکومت میں کئے گئے ۔ برقی خریدی معاہدات میں بے قاعدگیاں کی گئیں۔ 10 سالہ بی آر ایس دور حکومت کی ناکامیوں کو عوام بھولے نہیں ہیں۔ بی آر ایس کا نام دوبارہ ٹی آر ایس کی تجویز پر تبصرہ کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ نام کی تبدیلی کے باوجود عوام قبول نہیں کریں گے ۔ تلنگانہ کی سرزمین پر بی آر ایس کا احیاء ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو شکست دینے کیلئے بی آر ایس اور بی جے پی متحدہ مقابلہ کرسکتے ہیں لیکن اس سے کانگریس کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ حکومت کے خلاف بانسواڑہ کے رکن اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پوچارم سرینواس ریڈی کو وسیع القلبی کے ساتھ ریاست کی معاشی صورتحال کو قبول کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ 8 لاکھ کروڑ کا مقروض ہے اور ہر ماہ 6500 تا 7000 کروڑ سود ادا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوچارم سرینواس ریڈی سینئر قائد ہیں اور وہ حکومت کے مشیر ہیں۔ حکومت کے پاس فنڈس کی کمی ہے ، لہذا سرینواس ریڈی کو حقیقت تسلیم کرنا چاہئے ۔ واضح رہے کہ سرینواس ریڈی نے سدا پور ذخیرہ آب کے لئے فنڈس کی عدم اجرائی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ فنڈس کیلئے وزراء کے اطر اف چکر نہیں لگاسکتے۔ فنڈس کیلئے ریاستی وزیر سے 20 مرتبہ نمائندگی کے باوجود کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ پوچارم سرینواس ریڈی کے بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھڑگئی ہے ۔1/k/m/b