حیدرآباد ۔5۔ ستمبر۔ (سیاست نیوز) کے کے شیلجہ سابق ریاستی وزیر صحت کیرالا نے ’’رمن میگاسیسے‘‘ ایوارڈ کو مسترد کرتے ہوئے تہلکہ مچادیا ہے اور مختلف گوشوں سے یہ کہا جا رہاہے کہ انہوں نے محض اس لئے رمن میگاسیسے ایوارڈ لینے سے انکار کردیا ہے کیونکہ رمن میگاسیسے مخالف کمیونسٹ نظریات کے حامل تھے اور انہوں نے اپنے دور میں کمیونسٹوں کو جو مظالم ڈھائے ہیں اس کی وجہ سے کے کے شیلجہ ایوارڈ کے حصول کے حق میںنہیں ہیں جبکہ سابق وزیر صحت کیرالا نے کہا کہ ’رمن میگاسیسے ‘ ایوارڈ انہیں ان کی کورونا وائرس کے دوران خدمات کی وجہ سے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور انہیں یہ ایوارڈ شخصی خدمات کی بنیاد پر دینے کی بات کی گئی ہے جبکہ کورونا وائرس کے دوران ان کی خدمات شخصی نہیں تھی بلکہ عہدیداروں اور حکومت کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ تھی ۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کی سنٹرل کمیٹی رکن کے اس فیصلہ کے متعلق سی پی ایم جنرل سیکریٹری سیتارام یچوری نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ رمن میگاسیسے نے مخالف کمیونسٹ کاروائیاں کی ہیں جو کہ تاریخ کا حصہ ہیں۔م
انہوں نے فلپائن میں ہونے والے ان مظالم کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سابق ریاستی وزیر صحت کیرالہ نے جو فیصلہ کیا ہے وہ اور ان کی پارٹی ان کے ساتھ ہے خواہ انہوں نے کسی بھی وجہ سے یہ فیصلہ کیا ہو لیکن اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ رمن میگاسیسے نے کمیونسٹ تحریک میں شامل لوگوں پر مظالم کئے ہیں۔