بھٹی وکرامارکا، دیپا داس منشی اور ریاستی وزراء کی شرکت، شہیدان تلنگانہ کو خراج
حیدرآباد۔/2 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے دسویں یوم تاسیس کے موقع پر کانگریس کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، ڈی انوسیا سیتکا، ٹی ناگیشور راؤ، جوپلی کرشنا راؤ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ سیوا دل کی جانب سے مارچ پاسٹ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ سونیا گاندھی کی مساعی سے علحدہ تلنگانہ ریاست قائم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل جدوجہد اور قربانیوں کا احترام کرتے ہوئے یو پی اے حکومت نے علحدہ ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کو اس بات پر شبہ نہیں ہوسکتا کہ سونیا گاندھی کے سبب تلنگانہ حاصل ہوا ہے۔ اسمبلی میں کے سی آر نے تلنگانہ کیلئے سونیا گاندھی کی تعریف کی لیکن بعد میں اپنے بیان سے منحرف ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں تلنگانہ عوام کی خواہشات کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے کانگریس کو اقتدار کا موقع دیا ہے اور ریونت ریڈی حکومت وعدوں کی تکمیل میں سنجیدہ ہے۔ اسی دوران راجیو گاندھی سد بھاؤنا یاترا یادگاری کمیٹی کی جانب سے تاریخی چارمینار کے دامن میں یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن نے قومی پرچم لہرایا اور دس سال کی تکمیل پر کیک کاٹا۔ اس موقع پر شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کیا گیا۔ نرنجن نے کہا کہ کانگریس پارٹی اور سونیا گاندھی کی مساعی کے نتیجہ میں علحدہ ریاست قائم ہوئی ہے۔ اس موقع پر کانگریس قائدین جی کنہیا لال، پی راجیش کمار، سید شاہ مجاہد، وینوگوپال، عسکر علی بیگ اور دوسرے موجود تھے۔1