خصوصی ٹسٹنگ مرکز کا قیام، کیسس میں اضافہ کے پیش نظر حکومت کا فیصلہ
حیدرآباد ۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) ملک میں منکی پاکس بیماری کے کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے مرض کی جانچ کیلئے گاندھی ہاسپٹل میں ٹسٹنگ کا اہتمام کیا ہے ۔ تلنگانہ میں ابھی تک منکی پاکس کے دو مشتبہ مریض پائے گئے تھے لیکن قطعی جانچ میں وہ منفی پائے گئے ۔ تلنگانہ میں منکی پاکس کے کیسس میں امکانی اضافہ سے نمٹنے کیلئے گاندھی ہاسپٹل ٹسٹ کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ حقیقی مرض کا پتہ چلایا جاسکے ۔ پروفیسر کے ناگامنی ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ مائیکرو بیالوجی گاندھی ہاسپٹل نے بتایا کہ ہاسپٹل کے ڈائگناسٹک سنٹر کی جانب سے ٹسٹ کے نتائج جاری کئے جائیں گے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرالوجی کی منظوری کے بعد نتیجہ جاری کیا جائے گا ۔ اسی دوران وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے گاندھی ہاسپٹل میں منکی پاکس کے نمونوں کی جانچ کیلئے خصوصی مرکز کے قیام کی سفارش کی تھی۔ قبل ازیں منکی پاکس کے نمونوں کو معائنہ کیلئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرالوجی پونے روانہ کیا جارہا تھا۔ ملک میں کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ریاست میں جانچ کے مرکز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈاکٹر ناگا منی نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران قائم کردہ ٹسٹنگ سنٹر کو منکی پاکس کی جانچ کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس نئے مرض کی جانچ کے سلسلہ میں اسٹاف کو مکمل ٹریننگ حاصل ہے اور وہ مشتبہ مریضوں سے نمونے حاصل کرسکتے ہیں۔گاندھی ہاسپٹل میں منکی پاکس کا پتہ چلانے کیلئے ٹسٹ کٹس دستیاب ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کی جانب سے ملک میں 15 ڈائگناسٹک اینڈ ریسرچ لیباریٹریز چلائی جارہی ہے۔ ملک میں اس طرح کے مزید مراکز قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اسی دوران نامور سائنسداں اور ڈائرکٹر ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ فار جنیٹکس اینڈ سوسائٹی بنگلورو ڈاکٹر راکیش مشرا نے کہا کہ منکی پاکس کے بارے میں عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ مرض کورونا کی طرح نہیں ہے جو تیزی سے پھیل سکے۔ ر