گجرات انڈین مجاہدین مقدمہ:سپریم کورٹ کا ملزم محمد تنویر کی پھانسی کی سزا پر التواء

   

نئی دہلی، 9 اکتوبر (یو این آئی) گجرات انڈین مجاہدین مقدمہ میں ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ سے پھانسی کی سزا پانے والے ایک مسلم شخص کی پھانسی پر آج سپریم کورٹ نے اسٹے دے دیا۔ جازری ریلیز کے مطابق سپریم کورٹ کی تین رکنی بینچ نے آج ملزم محمد تنویر جس کا تعلق گجرات کے شہر سورت سے ہے کی پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے عبوری حکم جاری کیا۔ملزم تنویر احمد کے مقدمہ کی پیروی جمعیۃ علماء مہاراشٹرا(ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کررہی ہے ۔آج دوران سماعت تین رکنی بینچ کے جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس سندیپ مہتا اور جسٹس اپریش کمار سنگھ کو سینئر ایڈوکیٹ نتیا راما کرشنن نے بتایا کہ ملزم محمد تنویر کو گجرات ہائی کورٹ نے پھانسی کی سزا دی ہے جبکہ اس پر یہ الزام ہے بھی نہیں کہ اس نے بم دھماکے کیئے تھے یا وہ بم دھماکوں کے وقت احمد آباد میں موجود تھا۔سینئر ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ گجرات ہائی کورٹ کا فیصلہ قانونی طور پر درست نہیں ہے ، ملزم گذشتہ 18 سالوں سے جیل میں قید ہے ۔ سینئر ایڈوکیٹ نتیا راما کرشنن نے عدالت کو مزید بتایا کہ گجرات ہائی کورٹ نے قانونی طورپر انتہائی کمزور ثبوت و شواہد کی بناء پر ملزم کو پھانسی کی سزا دی ہے جس پرنظر ثانی کی ضرورت ہے ۔