گجرات۔ ہاردیک پٹیل نے کانگریس سے استعفیٰ دیدیا

,

   

رپورٹس کے بموجب پٹیل جو 2015میں پاٹیدار تحفظات تحریک سے منظرعام پر ائے تھے‘ پارٹی کی قیادت سے کافی عرصہ سے اب تک ناراض رہے ہیں


احمد آباد۔گجرات کانگریس کمیٹی کے کا رگذار صدر ہاردیک پٹیل جس نے حال ہی میں پارٹی کی ریاستی قیادت سے ناراضگی ظاہر کی تھی‘ چہارشنبہ کے روز کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دیدیا ہے۔

ٹوئٹر کے ذریعہ پٹیل نے کہاکہ”میں آج گجرات کانگریس کمیٹی کے ورکنگ صدر اور کانگریس پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دینے کی ہمت کی ہے۔ تمام ساتھیوں او رگجرات کی عوام کی جانب سے مجھے یقین ہے کہ اس فیصلے کا خیر مقدم کیاجائے گا۔

میرا ماننا ہے کہ اس اقدام کے بعد گجرات کے لئے مستقبل میں حقیقی کام کرنے کا اہل ہوجاؤں گا“۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ اس سے قبل ریاستی انتخابات کے پیش نظر گجرات کانگریس کارگذار صدر ہاردیک پٹیل کی پارٹی کے ریاستی یونٹ کے ساتھ اختلافات کو دور کرنے کے لئے راہول گاندھی نے کوشش کی تھی۔

پارٹی ذرائع کا دعوی ہے کہ راہول گاندھی نے خود ہی پارٹی میں رہنے کے استفسار پر مشتمل ایک پیغام ہاردیک پٹیل کو روانہ کیاتھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ریاست میں پارٹی انچارج اوردیگر قائدین کو ہاردیک پٹیل سے ملاقات کرتے ہوئے نااتفاقیوں کو دور کرنے کا بھی استفسار کیاتھا۔

ارٹیکل370کو ہٹانے اور رام مندر کی تعمیر پر بی جے پی حکومت کی ستائش کرنے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) میں پٹیل کی شمولیت کے متعلق قیاس آرائیوں کو تقویت مل گئی تھی۔

تاہم انہوں نے وضاحت کی تھی کہ وہ پارٹی کے قائدین راہول گاندھی او رپرینکا گاندھی سے ناراض نہیں ہے مگر وہ ریاستی قیادت سے ناراض ہیں۔ رپورٹس کے بموجب پٹیل جو 2015میں پاٹیدار تحفظات تحریک سے منظرعام پر ائے تھے‘ پارٹی کی قیادت سے کافی عرصہ سے اب تک ناراض رہے ہیں۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ ”وہ ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر بننا چاہتے تھے مگر انہیں صرف کارگذار صدر بنایاگیاہے۔ انہیں کارگذار صدر بنائے جانے کے باوجود ریاستی قیادت نے بڑے فیصلوں میں ان کی رائے حاصل نہیں کی ہے“۔

قیاس آرائیاں اس بات کی بھی لگائی جارہی ہیں کہ پٹیل ممکن ہے کہ عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔ گجرات میں اگلے سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔