گروپ I امتحانات میں بہت بڑا اسکام ہونے کا کوشک ریڈی نے الزام عائد کیا

   

اردو میڈیم کا ایک امیدوار کیسے بڑھ گیا استفسار، سی بی آئی تحقیقات کرانے کا مطالبہ
حیدرآباد۔/17 اپریل، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی بی کوشک ریڈی نے گروپ I امتحان میں بہت بڑا اسکام ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ اردو میڈیم کے پہلے 9 امیدوار ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ کانگریس قائدین کے ارکان خاندان کو بھی ملازمت دینے کا سنسنی خیز ریمارک کیا۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کوشک ریڈی نے کہا کہ جملہ 21,093 امیدواروں نے امتحان تحریر کیا لیکن 21,103 امیدواروں کے نتائج جاری کرنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سے استفسار کیا کہ 10امیدوار کیسے بڑھ گئے۔ پہلے اردو میڈیم کے9 امیدوار ہونے کا اعلان کیا گیا بعد میں 10 امیدواروں کے نتائج جاری کئے گئے۔ اردو میڈیم کا ایک امیدوار کیسے اضافہ ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی پی ایس سی میں پریلمس اور مینس کیلئے ایک ہی ہال ٹکٹ ہوتا ہے، یہاں پریلمس اور مینس کیلئے علحدہ علحدہ ہال ٹکٹ کیوں دیا گیا ۔ کوشک ریڈی نے کمیشن حاصل کرتے ہوئے نتائج جاری کرنے کا الزام عائد کیا۔ 438 سیریز میں موجود تمام امیدواروں کو ایک جیسے مارکس کیسے حاصل ہوئے۔ کانگریس کے قائد راملو نائیک کی بہو کو ملٹی زون فرسٹ رینک حاصل ہوا۔ کانگریس کے قائد نے اپنی بہو امتحان کیلئے 18 گھنٹے پڑھنے کا دعویٰ کیا جبکہ ان کی بہو نے صرف 5 گھنٹے پڑھنے کا دعویٰ کیا ہے، دونوں میں کون صحیح ہے ۔کوٹھی ویمنس کالج میں صرف لڑکیوں نے امتحان تحریر کیا ہے اس کے قریب میں واقع ایک سنٹر میں اسکام ہونے کا الزام عائد کیا۔ گروپ I امتحان کے اسکام پر مرکزی وزیر بنڈی سنجے کی خاموشی کو معنیٰ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی میں خفیہ ساز باز ہوجانے کا پھر ایک مرتبہ انکشاف ہوگیا ہے۔ اگر بی جے پی کو بیروزگار نوجوانوں سے ذراسی بھی ہمدردی ہو تو فوری اس اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔2