تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ویب سائٹ پر دستیاب
حیدرآباد 30 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے تلگو سال نو اُگادی کے موقع پر گروپ I امتحانات کے امیدواروں کو خوشخبری دی ہے۔ کمیشن کے صدرنشین بی وینکٹیشم نے گروپ I امتحانات کے جنرل رینکنگ لسٹ جاری کردی۔ کمیشن نے حال ہی میں امیدواروں کے عبوری نشانات کی فہرست جاری کی تھی اور اب رینکنگ لسٹ جاری کردی گئی۔ ریاست میں گروپ I کی 563 جائیدادوں پر تقررات کے لئے امتحانات منعقد کئے گئے تھے۔ اُگادی کے موقع پر رینکنگ لسٹ کی اجرائی سے امیدواروں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ گزشتہ سال 19 فبروری کو کمیشن نے 563 جائیدادوں پر تقررات کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور 9 جون کو پریلمس امتحانات منعقد کئے گئے جبکہ 10 مارچ 2025 ء کو نتائج کا اعلان کیا گیا۔ کمیشن نے 10 تا 24 مارچ نشانات کی دوبارہ جانچ کے لئے درخواستوں کے ادخال کی سہولت فراہم کی تھی۔ رینکنگ لسٹ کی اجرائی کے بعد تقررات کے عمل میں تیزی پیدا ہوگی۔ اِسی دوران پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ امیدواروں کی جانب سے 7 پرچہ جات میں حاصل کردہ نشانات کی تفصیلات کمیشن کے ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ امیدواروں میمورنڈم آف مارکس اور جنرل رینکنگ لسٹ کے لئے کمیشن کی ویب سائٹ سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ میمورنڈم آف مارکس کی تفصیلات ویب سائٹ پر 30 مارچ تا 5 اپریل شام 5 بجے شک دستیاب رہیں گی۔ امیدوار اپنے میمورنڈم آف مارکس ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں جس کے لئے ہال ٹکٹ نمبر، تاریخ پیدائش اور او ٹی پی درج کرنا ہوگا۔ جنرل رینکنگ لسٹ کمیشن کی ویب سائٹ پر 30 مارچ تا 28 اپریل شام 5 بجے تک دستیاب رہے گی۔ رینکنگ لسٹ کی بنیاد پر امیدواروں کو سرٹیفکٹ ویریفکیشن کے لئے منتخب کیا جائے گا۔ اِس سلسلہ میں امیدواروں کو انفرادی اطلاع دی جائیگی اور کمیشن کی ویب سائٹ پر امیدواروں کی تفصیلات شامل کی جائیں گی۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تمام ضروری اوریجنل سرٹیفکٹس اور دستاویزات تیار رکھیں۔ کسی بھی تکنیکی دشواری کی صورت میں امیدوار کمیشن کے ہیلپ ڈیسک نمبرات 040-23542185 اور 040-23542187 پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔1