تین ڈیویژنس کے نام تبدیل، بڈنگ پیٹ پولیس اسٹیشن کو ختم کردیا گیا اور نئی حدود کی منظوری
حیدرآباد۔2 اکتوبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی تیز رفتار توسیع اور جی ایچ ایم سی حدود کی مسلسل تنظیم نو کے پیش نظر حکومت نے حیدرآباد پولیس کمشنریٹ کے انتظامی ڈھانچہ میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ اس سلسلہ میں محکمہ داخلہ کی پرنسپل سکریٹری شیکھا گوئل نے ایک جی او جاری کیا ہے ۔ نئے حکمنامہ کے تحت شہر کے تین اہم ڈیویژنس کے نام تبدیل کردیئے گئے ہیں۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ ڈیویژن کا نام بدل کر اب شمس آباد ڈیویژن کردیا گیا ہے۔ چکڑپلی ڈیویژن کا نام تبدیل کر کے کاچی گوڑہ ڈیویژن رکھا گیا ہے ۔ سنتوش نگر ڈیویژن اب چھتری ناکہ ڈیویژن سے جانا جائے گا ۔ انتظامی سہولت اور عوامی مسائل پر فوری قابو پانے حکومت نے سابقہ بڈنگ پیٹ پولیس اسٹیشن کو مکمل ختم کردیا ہے۔ ختم شد بڈنگ پیٹ پولیس اسٹیشن کے تحت آنے والے دیہاتوں ، علاقوں اور کالونیوں کو قریبی دیگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں شامل کر کے جغرافیائی حدود حتمی طور پر طئے کردی گئی ہیں ۔ ریاستی ڈی جی پی کی جانب سے پیش کردہ ترمیمی تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد یہ اقدام اٹھایا گیا ہے کیونکہ جی ایچ ایم سی کی تنظیم نو کے بعد پولیس کمشنریٹس پر ذمہ داریوں کا بوجھ کافی بڑھ گیا تھا ۔ اس کے علاوہ بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک پولیس اسٹیشنس کے حدود کو سائنسی بنیادوں پر لاء اینڈ آرڈر کے پولیس اسٹیشنس کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔ اعلیٰ حکام کے مطابق اس اقدام سے فیلڈ لیول پر سینئر آفیسرس کی نگرانی آسان ہوگی اور پولیس کا ریسپانس ٹائم مزید بہتر ہوگا۔2/k