گورنر اور چیف منسٹر خوشگوار موڈ میں !

   

حیدرآباد ۔26 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) گورنر ٹی سوندرا راجن اور چیف منسٹر کے سی آر طویل عرصہ بعد آج خوشگوار موڈ میں دیکھے گئے اور ایک دوسرے سے بات چیت بھی کی ۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے استقبال کیلئے بیگم پیٹ ایئرپورٹ پر دونوں نے ایک دوسرے سے رسمی ملاقات کی اور استقبالیہ اسٹیج پر بھی دونوں ساتھ تھے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ چند ماہ سے راج بھون اور پرگتی بھون میں کشیدہ ماحول ہے ۔ کئی سرکاری بلز منظوری کے بغیر راج بھون میں زیر تصفیہ ہیں ۔ گورنر اور چیف منسٹر کا کئی ماہ سے سامنا بھی نہیں ہوا ۔ صدر جمہوریہ کے استقبال کے موقع پر دونوں نے رسمی طور پر نمسکار کیا ۔گورنر مسکرارہی تھیں جبکہ چیف منسٹر سنجیدہ تھے ۔صدر جمہوریہ کے ہیلی کاپٹر کے قریب جاتے ہوئے بھی دونوں کو بات چیت کرتے دیکھا گیا ۔ استقبال کے لئے موجود ہر کسی کی نظر گورنر اور چیف منسٹر پر تھی ۔ دونوں کی خوشگوار ملاقات دیرپا ثابت نہیں ہوئی کیونکہ چیف منسٹر وہاں سے فارم ہاؤز روانہ ہوگئے ۔ انہوں نے راج بھون میں گورنر کی جانب سے ترتیب دیئے گئے عشائیہ میں شرکت نہیں کی ۔ ر