انسانیت کی خدمت پر ایوارڈ کی ستائش، ارونا بہوگنا اور عامر علی خاں کی شرکت
حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ شیو پرتاپ شکلا نے 33 واں یدھ ویر میموریل ایوارڈ ڈاکٹر گائتری پالت کو پیش کیا۔ انسانیت کے لئے نمایاں خدمات پر ہر سال یدھ ویر فاؤنڈیشن کی جانب سے نامور شخصیتوں کو ایوارڈس پیش کئے جاتے ہیں۔ گورنر شیو پرتاپ شکلا نے یدھ ویر فاؤنڈیشن کی مساعی کو سراہا اور کہاکہ انسانیت کی مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والوں کو اعزاز کی پیشکشی قابل تحسین اقدام ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سماج میں ضرورت مندوں کے مسائل کی یکسوئی پر توجہ دی جانی چاہئے۔ گورنر نے گزشتہ 33 برسوں سے فاؤنڈیشن کی جانب سے ایوارڈس کی پیشکشی کو سراہا۔ فاؤنڈیشن کی چیرپرسن ارونا بہوگنا ریٹائرڈ آئی پی ایس نے خیرمقدم کیا۔ نریندر رائے نے دکنی زبان میں نظم پیش کی۔ گورنر نے یدھ ویر فاؤنڈیشن کے مقابلوں میں کامیاب 10 امیدواروں میں انعامات تقسیم کئے۔ یدھ ویر فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی و نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے شکریہ ادا کیا۔ یدھ ویر فاؤنڈیشن کی جانب سے جن شخصیتوں کو ایوارڈ پیش کئے گئے اُن میں جناب عابد علی خاں مرحوم، آنجہانی کمودنی دیوی، ڈاکٹر منموہن سنگھ، پروفیسر یو آر راؤ، ڈاکٹر سوما راجو، آنجہانی راموجی راؤ، ڈاکٹر جے پرکاش نارائن، راج بہادر گوڑ، شام بنیگل، شیخ سبحانی، اظہر مخصوصی، ڈاکٹر ای فرنانڈیز اور دوسرے شامل ہیں۔ فاؤنڈیشن کا قیام اپریل 1991ء میں عمل میں آیا۔ یدھ ویر فاؤنڈیشن ایوارڈ کے علاوہ عثمانیہ یونیورسٹی سے ماسٹر اِن کمیونکیشن اینڈ جرنلزم کے 2 طلبہ کو ہر سال گولڈ میڈل دیا جاتا ہے۔ کیرالا سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر گائتری پالت نے طب کے شعبہ میں کئی اداروں سے وابستہ رہتے ہوئے نمایاں خدمات انجام دیں۔ اُنھوں نے مہدی نواز جنگ انسٹی ٹیوٹ آف آنکالوجی اینڈ ریجنل کینسر سنٹر میں پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انسٹی ٹیوٹ میں 3 سالہ ایم ڈی اور ڈی این بی پروگرام کی میڈیکل کونسل آف انڈیا سے منظوری میں اہم رول ادا کیا۔V/1/m/b