حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ یونیورسٹیز میں تقررات سے متعلق کامن ریکروٹمنٹ بورڈ کے مسئلہ پر گورنر کے اندیشوں کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ بورڈ کی تشکیل کے بارے میں بعض اندیشوں کے ساتھ راج بھون کا ایک مکتوب چیف منسٹر کے دفتر کو موصول ہوا ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ انہیں حکومت سے ہدایت ملی ہے کہ راج بھون جاکر گورنر کے اندیشوں کو دور کریں اور حکومت کے فیصلہ کی تفصیلات بیان کریں۔ سبیتا اندرا ریڈی نے ملاقات کیلئے گورنر سے وقت مانگا ہے اور جب بھی وہ وقت دیں گی ملاقات کرتے ہوئے حکومت کا موقف پیش کریں گی۔ گورنر کو مشترکہ ریکروٹمنٹ بورڈکی تشکیل اور یونیورسٹیز میں مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات سے واقف کرایا جائے گا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ اسمبلی میں 12 ستمبر کو یونیورسٹی ترمیمی بل منظور کرتے ہوئے تقررات کیلئے کامن ریکروٹمنٹ بورڈ کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔ گورنر سوندرا راجن نے 7 نومبر کو چیف منسٹر کے دفتر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بل کے بارے میں وضاحتیں طلب کی ہیں۔ انہوں نے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کو راج بھون روانہ کرتے ہوئے وضاحت کرنے کی خواہش کی تھی۔ر