اہم ملزم سمیت 25 افرادگرفتار،صورتحال قابو میں
گونڈہ: اترپردیش کے ضلع گونڈہ کے کھرگوپور تھانہ علاقے میں واقع قصبہ بازار میں ایک شخص کے ذریعہ سوشل میڈیا پر قابل اعتراض پوسٹ شیئر کرنے سے پیدا کشیدگی کے معاملے میں پولیس نے اہم ملزم سمیت 25افراد کو گرفتار کیا ہے ۔گونڈہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آکاش تومر نے منگل کو بتایا کہ اس پوسٹ سے مشتعل مسلم سماج کے لوگوں نے ملزم کے گھر میں گھس کر حملہ کردیا۔ جس سے علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے حالات پیدا ہوگئے اور پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے اہم ملزم رکی موڈنوال کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے پتھر پھینکنے اور ماحول بگاڑنے کی کوشش کرنے کے الزام میں دیگر 24افراد کو بھی گرفتار کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں اب حالات معمول پر ہیں۔ احتیاطاً اضافی پولیس ٹیم تعینات کردی گئی ہے ۔بتایا جارہا ہے کہ پتھراؤ کے دوران کچھ لوگ زخمی ہوگئے جن کا علاج کرایا گیا ہے ۔رکی موڈنوال کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔