گچی باؤلی اراضی تنازعہ کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں گونج

   

مرکز سے فوری مداخلت کی اپیل، کشن ریڈی، بنڈی سنجے اور ارکان پارلیمنٹ کی اوم برلا اور دھرمیندر پردھان سے ملاقات
حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) بی جے پی نے کنچا گچی باؤلی اراضی کے تحفظ کی جدوجہد کو پارلیمنٹ تک پہنچادیا ہے۔ بی جے پی ارکان نے اِس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں موضوع بحث بناتے ہوئے مرکزی حکومت سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ 400 ایکر اراضی حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کی ہے اور اُس پر حکومت کی دعویداری ناقابل قبول ہے۔ بی جے پی رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر لکشمن نے راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اُٹھایا۔ اُنھوں نے مرکز سے اپیل کی کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے 400 ایکر اراضی کے آکشن کی کوششوں پر روک لگائے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے ذریعہ کانگریس حکومت یونیورسٹی کی اراضی کو آکشن کے ذریعہ حوالہ کرنا چاہتی ہے۔ ارکان پارلیمنٹ نے اسپیکر اوم برلا اور مرکزی وزراء سے بھی نمائندگی کی۔ لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران بی جے پی ارکان نے اِس مسئلہ کو موضوع بحث بنایا اور مرکز سے کارروائی کی اپیل کی۔ مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی کی قیادت میں ارکان پارلیمنٹ نے مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل دھرمیندر پردھان سے ملاقات کی اور یادداشت پیش کرتے ہوئے گچی باؤلی اراضی کے معاملہ میں فوری کارروائی کی درخواست کی۔ دھرمیندر پردھان سے ملاقات کرنے والوں میں مملکتی وزیرداخلہ بنڈی سنجے کمار، ارکان پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر، کونڈہ ویشویشور ریڈی، جی نگیش اور ڈی اروند شامل ہیں۔ اسپیکر اوم برلا اور مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کو یادداشت میں بی جے پی ارکان نے 400 ایکر اراضی کے تحفظ کی مانگ کی۔ اُنھوں نے کہاکہ اراضی کے الاٹمنٹ سے ماحولیاتی عدم توازن پیدا ہوگا اور جنگل میں موجود جانوروں کی زندگی دوبھر ہوجائے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ جنگلاتی علاقہ میں 734 اقسام کے نادر و نایاب درخت، 222 اقسام کے پرندے اور دیگر جانور موجود ہیں۔ تلنگانہ حکومت سرکاری اراضی کا دعویٰ کررہی ہے جبکہ یہ اراضی حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کی ہے۔ بی جے پی ارکان پارلیمنٹ نے طلبہ تنظیموں کی جانب سے جاری احتجاج کا حوالہ دیا اور کہاکہ اراضی کے تحفظ کے ذریعہ جنگلاتی علاقہ کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل دھرمیندر پردھان نے اِس سلسلہ میں یونیورسٹی کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کرنے کا تیقن دیا۔1