گچی باؤلی اراضی پر مرکز نے تلنگانہ سے رپورٹ طلب کی

   

صفائی کے کاموں میں جنگلاتی قانون کی پابندی کی ہدایت
حیدرآباد۔/2اپریل، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی سے متصل کنچہ گچی باؤلی اراضی کے تنازعہ کے دوران مرکزی حکومت نے بھی مداخلت کرتے ہوئے حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے۔ مرکزی وزارت جنگلات و ماحولیات نے ریاست کے محکمہ جنگلات کو ہدایت دی ہے کہ کنچہ گچی باؤلی اراضی پر حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کی جائے۔ مرکزی وزارت جنگلات نے ہدایت دی کہ عدالت کے فیصلوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے جنگلاتی اراضی کا تحفظ کیا جانا چاہیئے۔ اراضی سے متعلق رپورٹ ملنے کے بعد مرکزی حکومت اس سلسلہ میں کارروائی کرسکتی ہے۔ مرکزی وزارت جنگلات و ماحولیات کے اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل آف فاریسٹ ایس سندر نے ایڈیشنل سکریٹری فاریسٹ تلنگانہ کو مکتوب روانہ کیا جس میں کنچہ گچی باؤلی میں 400 ایکر اراضی کی صفائی کے سلسلہ میں رپورٹ طلب کی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ محکمہ کو اس بات کی اطلاع ملی ہے کہ کنچہ گچی باؤلی موضع میں غیر قانونی طور پر جنگلاتی اراضی کی صفائی کا کام جاری ہے اور تلنگانہ انڈسٹریل انفرااسٹرکچر کارپوریشن یہ کام انجام دے رہا ہے۔ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی خبروں کے مطابق صفائی کے کام سے جنگلاتی زندگی کو خطرہ لاحق ہوگا اور علاقہ میں موجود جھیلوں کو بھی نقصان ہوگا۔ مرکزی وزیر جنگلات و ماحولیات کو بھی مختلف گوشوں سے نمائندگیاں موصول ہوئی ہیں۔ ریاستی حکومت سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر حقائق پر مبنی رپورٹ روانہ کرے اور صفائی کے کاموں کے سلسلہ میں انڈین فاریسٹ ایکٹ کے قواعد کی پابندی کی جائے۔1