گھر میں نماز پڑھنے پر ایف آئی آر ، مذہبی آزادی پر روک: پیس پارٹی

   

پرتاپ گڑھ: آئین ہند میں سبھی مذاہب کو دی گئی آزادی کے بعد بھی ،مسلمانوں کی مذہبی آزادی پر ایک سازش کے تحت بی جے پی اقتدار میں قدغن لگانے کی کوشش جاری ہے ،جس طرح سے گھر میں نماز پڑھنے پر مرادآباد میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے ،یہ آئین میں دی گئی مذہبی آزادی کی خلاف ورزی و قابل مذمت ہے۔ پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے مرادآباد میں گھر میں نماز پڑھنے پر کرائی گئی ایف آئی آر پر اپنے رد عمل میں مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ مرادآباد میں اجتماعی طور پر نماز پڑھنے پر کرائی گئی ایف آئی آر کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب ہندوستان میں مسلمان گھر میں بھی نماز نہیں پڑھ سکتے ،کیا اب نماز پڑھنے کیلئے انتظامیہ سے اجازت لینی ہوگی ؟ انہوں نے کہا کہ جو لوگ گھر میں نماز پڑھنے کی مخالفت کر رہے ہیں، قانونی طور پر ان کے خلاف ایف آڑ ہونی چاہیئے تھی ،مگر پولیس نے نماز پڑھنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔