گیانیش کمار کو برطرف کرکے جیل بھیجا جائیگا ‘ راہول گاندھی کا اعلان

,

   

٭ 2024 کا پارلیمانی الیکشن غیر قانونی تھا ‘ الیکشن کمیشن کا ڈاٹا ہی ثبوت
٭ گیانیش کمار کے بغیر مودی وزیر اعظم اور امیت شاہ وزیر داخلہ نہیں ہوتے
٭ آر ایس ایس تمام اداروں پر قبضہ کر رہی ہے ۔ رام لیلا گراونڈ پر خطاب

نئی دہلی ۔ یکم نومبر ( ایجنسیز ) قائد اپوزیشن ( لوک سبھا ) راہول گاندھی نے آج کہا کہ گیانیش کمار کو چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے علیحدہ کردیا جائے گا اور ب الآخر انہیں جیل بھیجا جائے گا ۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ووٹوں کی چوری ہوئی ہے اور یہ کام الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے اور ووٹر لسٹ میں الٹ پھیر سے کیا گیا ہے ۔ راہول گاندھی نے دہلی کے رام لیلا میدان پر انڈیا اتحاد کی ریلی کے بعد منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی چوری معمولی چوری نہیں ہے ۔ یہ ہندوستان کی ہر آواز کی چوری ہے ۔ اسی کو غداری کہا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیانیش کمار کے بغیر نریندر مودی وزیر اعظم نہیں بن سکتے تھے اور نہ ہی امیت شاہ وزیر داخَہ بن سکتے تھے ۔ گذشتہ لوک سبھا انتخابات غیرقانونی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں ووٹ چوری ہوئی ۔ ای وی ایمس کے ذریعہ اور ووٹر لسٹ میں الٹ پھیر کے ذریعہ یہ چوری کی گئی ۔ 2024 کے پارلیمانی انتخابات کے بعد 15 فیصد ووٹوں کو حذف کردیا گیا ۔ 2024 میں انڈیا اتحاد اور این ڈی کے درمیان ووٹوں کا فرق صرف تین فیصد رہ گیا تھا ۔ 2024 انتخابات غیر قانونی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ خود الیکشن کمیشن کا ڈاٹا یہ بات بتا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جو کچھ کہتے ہیں وہ آئندہ وقتوں میں درست ثابت ہوتا ہے ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے کورونا وائرس وباء کی مثال دی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج ملک کے ہر شہری سے اور ہر نوجوان سے کہہ رہے ہیں کہ گیانیش کمار کو چیف الیکشن کمشنر کے عہدہ سے ہٹادیا جائے گا اور انہیں جیل بھیجا جائے گا ۔ انہوں نے بی جے پی کی نظریہ ساز آر ایس ایس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے اداروں پر قبضہ کر رہی ہے ۔ چاہے وہ تعلیم ہو یا پھر تحقیقاتی ایجنسیاں ہوں۔ اسی وجہ سے کسان مزدور اور نوجوانوں کو ان کا حق نہیں مل رہا ہے ۔ انہوں نے ہندو مذہبی عقائد کے مطابق ہندوستان کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ شیو جی کی بارات میں ہر کوئی شامل ہوسکتا ہے ۔ کسی کو روکا نہیں جائے گا ۔ ہم ایسا ہندوستان چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کو ختم ہونے نہیں دیں گے ۔ ہم دستور کو تباہ ہونے نہیں دیں گے ۔ آپ کے پاس چاہے جتنا بھی پیسہ ہو آپ دستور سے بڑے نہیں ہیں۔ دستور آپ سے بڑا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی پر انتخابی عمل اور اداروں پر غلبہ رکھنے کیلئے پیسے کے استعمال کا الزام عائد کیا ۔