ہدایت نظر انداز ‘ رکن قانون ساز کونسل لاپتہ

   

حیدرآباد: یکم ستمبر (سیاست نیوز) کہاں ہے رحمت بیگ !پارٹی سے اخراج کے بعد سے لاپتہ رحمت بیگ 6 دن گذرنے کے بعد بھی استعفیٰ دینے قانون ساز کونسل نہیں پہنچے اور نہ ان کا کوئی بیان یا موقف باضابطہ طور پر سامنے آیا ہے۔مرزا رحمت بیگ کے افراد خاندان یعنی ان کی اہلیہ 3دختران ‘ ایک فرزند اور داماد مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں اور ان سے رابطہ کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ان کے افرادخاندان کو بھی علم نہیں ہے کہ ’رحمت‘ کہاں ہیں!بتایا جاتاہے کہ مجلس اتحاد المسلمین کی قیادت اس بات سے بالکل لا تعلقی کا اظہار کر رہی ہے کہ رحمت بیگ نے استعفیٰ دیا ہے یا نہیں !اس کے علاوہ پارٹی ذرائع کا کہناہے کہ پارٹی قائدین رحمت بیگ کے مسئلہ پر توجہ کی بجائے اسے نظرانداز کرنے کی پالیسی اختیار کرنے کی حکمت عملی اختیار کئے ہوئے ہیں حالانکہ رحمت بیگ کے مستعفی ہونے کی ہدایت پر عمل نہ کرنے سے ’صدرمجلس ‘ کا وقار مجروح ہونے لگا ہے اور ان کی ہدایات جماعت کے قائدین اور کارکنوں میں غیر اہم ہونے لگی ہیں ۔مجلس نے جمعہ کی رات دیر گئے رحمت بیگ کو پارٹی سے خارج کرکے انہیں فوری صدرنشین قانون ساز کونسل سے ملاقات کرکے اپنا مکتوب استعفیٰ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن چہارشنبہ تک بھی رحمت بیگ یا ان کے موقف کے متعلق کوئی واضح بات سامنے نہیں آئی ہے ۔میڈیا کی خبروںکے مطابق رحمت بیگ نے کونسل کی رکنیت سے مستعفی ہونے سے انکار کر دیا لیکن اس پر مجلس نے کوئی ردعمل ظاہر نہیںکیا جو کہ عوام کو تشویش میں مبتلاء کئے ہوئے ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی قائدین یہ تاثر دے رہے ہیں کہ وہ بھی ’رحمت بیگ‘ کی تلاش میں ہیں جبکہ بعض کارکنوں کا دعویٰ ہے کہ ’رحمت بیگ‘ کی رپوشی ’صدر صاحب‘ کی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے بعد اب دنیا بھر کے بیشتر ممالک جہاں حیدرآبادی موجود ہیں وہاں رحمت بیگ کا موقف موضوع بحث بنا ہے اور بیرسٹر اسدالدین اویسی کی ہدایت پر رحمت بیگ کے عمل نہ کرنے کو مختلف زاویوں سے دیکھا جانے لگا ہے بلکہ بعض لوگ رحمت کے معاملہ میں جماعت کی خاموشی اور اس کے علاوہ رحمت بیگ سے منسوب بیان میں استعفیٰ نہ دینے کے اعلان پر کئی شبہات ظاہر کئے جارہے ہیں۔3