ہر حلقہ میں ماڈل اسکول قائم کرنے کا منصوبہ : وینکٹ ریڈی

   

دیہی ترقی کیلئے حکام کیساتھ مل کرکام کرنے عوامی نمائندوں سے کلکٹر کی خواہش ، نلگنڈہ میں گرام سبھا کا انعقاد
نلگنڈہ۔2/ اپریل(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر عمارات و سنیماٹوگرافی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے مؤثر حل کے لیے ’’پرجاپالنا پرگتی پا لنا‘‘ کے تحت 99 روزہ پروگرام نافذ کیاگیا ہے۔ وہ آج منعقدہ گرام سبھا میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ریاستی وزیر نے بتایا کہ آئندہ تین برسوں میں اندرماں مکانات راشن کارڈ اور باریک چاول جیسی تمام فلاحی اسکیمیں ہر مستحق فرد تک پہنچائی جائیں گی اور اسی مقصد کے تحت یہ 99 روزہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ تعلیمی ترقی کے سلسلے میں ’’ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ ریزیڈنشیل اسکولس‘‘ اور تلنگانہ ماڈل اسکولس کی تعمیر جاری ہے جبکہ طلبہ کی سہولت کے لیے خصوصی بس سروس بھی فراہم کی جائے گی۔ ہر حلقہ میں ایک ماڈل اسکول قائم کرنے کا بھی منصوبہ ہے انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت چھ ضمانتوں کے ساتھ ’’اندرما لائف انشورنس اسکیم‘‘ نافذ کر رہی ہے جس سے تقریباً 3 کروڑ 15 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ یکم/ اپریل سے نافذ اس اسکیم کے تحت حادثہ یا بیماری کی صورت میں متاثرہ خاندان کو مالی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ریاستی وزیر نے انکشاف کیا کہ ایل کے جی سے انٹرمیڈیٹ تک کے طلبہ کو روزانہ ناشتہ فراہم کیا جائے گا جبکہ معذور افراد کو بیاٹری سے چلنے والی گاڑیاں دی جا رہی ہیں۔ ڈبل بیڈروم مکانات اسکیم کے تحت انہوں نے کہا کہ فنڈز کی کمی کے باعث تعطل کا شکار منصوبہ دوبارہ شروع کیا جائے گا اور ایک ماہ کے اندر تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وزیر نے اپنے ذاتی فنڈ سے 20 ہزار روپے فی مکان دینے کا اعلان بھی کیا۔ گرام پنچایت کی نئی عمارت کے لیے 7 لاکھ روپے مختص کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ خواتین کے گروپوں کو مستحکم بنانے کے لیے دو بسسں فراہم کرنے اور پیٹرول پمپ قائم کرنے کا اعلان کیا گیا جبکہ سود سے پاک قرضوں کی فراہمی کی جاری ہے۔ضلع کلکٹر بی۔ چندر شیکھر نے کہا کہ ڈبل بیڈروم مکانات کی باقی تعمیر جلد مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین نے مفت بس سفر کے ذریعے 10 ہزار کروڑ روپے کی بچت کا سنگ میل عبور کیا ہے۔ منڈل میں 352 نئے راشن کارڈ جاری کیے گئے ہیں اور معیاری چاول کی فراہمی جاری ہے۔انہوں نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ حکام کے ساتھ مل کر دیہی ترقی کو فروغ دیں اور مستحقین تک سرکاری فوائد پہنچانے میں فعال کردار ادا کریں۔اس اجلاس کی گرام سرپنچ رجیتا نے صدارت کی اور وزیر اعلیٰ کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر مختلف فلاحی اسکیموں سے مستفید ہونے والے افراد نے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں دیگر اعلیٰ عہدیدار عوام کی کثیر تعدادشریک رہے۔