ہر ضلع میں منی حج ہاوز کی تعمیرکے اقدامات: ہریش راؤ

   


ظہیرآباد میں منی حج ہاوز کا سنگ بنیاد، صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم نے ایک کروڑ روپئے کا اعلان کیا
حیدرآباد۔/27 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت ہر ضلع میں ایک منی حج ہاوز کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے اور اس کے لئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ہریش راؤ نے آج ظہیرآباد میں منی حج ہاوز کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے منی حج ہاوز کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپئے کا اعلان کیا جو حج کمیٹی کے فنڈ سے ادا کئے جائیں گے۔ وزیر فینانس نے محمد سلیم کے اس جذبہ خیرسگالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے منی حج ہاوز کیلئے ایک کروڑ پہلے سے منظور کئے گئے اور محمد سلیم کے اعلان سے یہ رقم 2 کروڑ ہوچکی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ محمد سلیم یہ رقم حج کمیٹی سے دیں یا اپنے ذاتی طور پر عطیہ پیش کریں کوئی مسئلہ نہیں ہے وہ اپنی بات پر قائم رہتے ہیں اور میرا ان پر ایسا حق ہے کہ میں گھر جاکر چیک حاصل کرسکتا ہوں۔ تلنگانہ میں کے سی آر زیر قیادت بی آر ایس حکومت کی جانب سے اقلیتوں کی بھلائی کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے ہریش راؤ نے اقامتی اسکولوں اور جونیر کالجس کے قیام اور شادی مبارک اسکیم کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اندول میں 18 کروڑ سے لڑکیوں کیلئے اقلیتی اقامتی اسکول قائم کیا جارہا ہے جہاں انگلش میڈیم میں تعلیم رہے گی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سدی پیٹ میں پہلا منی حج ہاوز تعمیر کیا گیا۔ مرحوم محمد فرید الدین نے ظہیرآباد میں تعمیر کی درخواست کی تھی اور آج اس وعدہ کی تکمیل ہورہی ہے۔ ظہیرآباد میں حج ہاوز کی تعمیر دراصل مرحوم فرید الدین کا خواب تھا۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاوز کے گراؤنڈ فلور پر شادی خانہ اور اوپری حصہ میں حج ہاوز رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ظہیرآباد میں اردو گھر شادی خانہ کی تعمیر کیلئے 10 کروڑ مالیتی 2.5 ایکر اراضی الاٹ کی گئی ہے۔ تعمیری کاموں کیلئے ایک کروڑ روپئے منظور کئے گئے۔ انہوں نے ظہیرآباد میں قبرستان کیلئے اراضی الاٹ کرنے کا تیقن دیا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے چیف منسٹر کے سی آر اور ہریش راؤ کی قیادت میں اقلیتوں کی ترقی اور بھلائی کے اقدامات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تعاون سے تلنگانہ کا حج کیمپ ملک میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرچکا ہے۔ حج کیمپ میں تمام محکمہ جات کا تعاون حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور ہریش راؤ نے حج کمیٹی کیلئے فنڈز جاری کئے ہیں اور کبھی بھی فنڈزکی کمی نہیں رہی۔ کے سی آر کی سیکولر حکومت ہر ضلع میں منی حج ہاوز کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منی حج ہاوز سے عازمین راست طور پر ایر پورٹ روانہ ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے قیام کے بعد سے بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ تمام ریاستوں میں بی آر ایس کا خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ر
تقریب میں مقامی عوامی نمائندوں اور اقلیتی قائدین نے شرکت کی۔ر