ہر پولیس اسٹیشن میں درخواست گذار کا احترام

   

ٹولی چوکی پولیس اسٹیشن میں پہلے ایف آئی آر کی اجرائی ، کمشنر سٹی پولیس سی وی آنند کا خطاب
حیدرآباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) شہر کے ہر پولیس اسٹیشن میں درخواست گذار کا احترام کیا جائے گا اور پولیس کو صد فیصد درخواست گذاروں سے بہتر تعلقات بنائے رکھنا ہوگا ۔ ان خیالات کا ا ظہار کمشنر پولیس حیدرآباد ڈی جی سی ووی آنند نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں شہر کے 72 ویں پولیس اسٹیشن ٹولی چوکی میں پہلے ایف آئی آر کو جاری کیا اور بتایا کہ آج سے ٹولی چوکی پولیس اسٹیشن میں خدمات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ جبکہ باضابطہ افتتاح عنقریب عمل میں لایاجائے گا ۔ اس موقع پر ساؤتھ ویسٹ زون پولیس زون کے اعلی عہدیداروں کے علاوہ متین علی شاہ قادری و دیگر موجود تھے ۔ جناب سی وی آنند نے کہا کہ عام شہریوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور ان کا احترام کیا جائے گا ۔ لیکن مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے ساتھ پولیس سختی سے پیش آئے گی ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ اس علاقہ کی عوام کو کافی مسائل کا سامنا تھا چونکہ گولکنڈہ ، فلم نگر اور مہدی پٹنم پولیس تک پہونچنے میں دشواری پیش آرہی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سے سٹی پولیس کی سفارش کے بعد حکومت نے جی او 57 کو جاری کرتے ہوئے ٹولی چوکی پولیس اسٹیشن کو منظوری دے دی اور عزیز باغ علاقہ میں ایک کرایہ کی عمارت میں پولیس اسٹیشن کا آغاز کیا گیا ۔ اس پولیس اسٹیشن کا باضابطہ افتتاح ریاستی وزیر و انچارج منسٹر حیدرآباد پونم پربھاکر کے ہاتھوں عمل میں آئے گا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ دو سال قبل سٹی پولیس کی ازسر نو حد بندی کی گئی تھی اور 60 کے منجملہ 71 پولیس اسٹیشن کو تشکیل دیا گیا تھا اور دو زونس ساؤتھ و ایسٹ اور ساؤتھ ایسٹ کی تشکیل عمل میں لائی گئی تھی ۔ ٹولی چوکی علاقہ میں نئے پولیس اسٹیشن کے قیام کیلئے سفارشات کے بعد سٹی پولیس نے اقدام کیا اور حکومت سے سفارش کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ 20 تا 30 کالونیوں اور چند علاقوں کو ٹولی چوکی پولیس اسٹیشن حدود میں رکھا گیا ہے ۔ ٹولی چوکی پولیس اسٹیشن کیلئے دو انسپکٹرس ،پانچ سب انسپکٹرس، 36 پولیس کانسٹیبلس بشمول ہیڈ کانسٹیبل اور اے ایس آئی کو مختص کیا گیا ہے اور سارے حدود کو چار سیکٹرس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ علاقہ میں ٹریفک مسائل کو دیکھتے ہوئے بیسٹ ٹریفک ڈیویژن اور پولیس اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ ویسٹ زون چندرا موہن ایڈیشنل ڈی سی پی اقبال صدیقی ،اے سی پی سید فیاض انسپکٹر رمیش نائیک و دیگر موجود تھے ۔ ع