جموں و کشمیر کے عوام نے قومی جماعتوں کو نظر انداز کردیا ۔ کے ٹی آر اور ہریش راؤ کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اور سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ہریانہ کے عوام نے کانگریس کی گیارنٹی پر بھروسہ نہیں کیا ۔ جموں و کشمیر میں عوام نے قومی جماعتوں بی جے پی اور کانگریس پر بھروسہ نہیں کیا ۔ 2029 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی اور کانگریس حکومت تشکیل دینے کے جادوئی اعداد و شمار تک بھی نہیں پہونچ پائیں گے ۔ کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے ہریانہ اور جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات کے نتائج پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نتائج اس بات کے اشارے دے رہے ہیں کہ 2029 کے لوک سبھا انتخابات میں قومی جماعتیں بی جے پی اور کانگریس پارٹی عوامی اعتماد سے محروم ہوجائیں گے اور مرکز میں حکومت تشکیل دینے میں علاقائی جماعتوں کا اہم رول ہوگا ۔ گیارنٹی کے نام پر کانگریس پارٹی نے کرناٹک ، تلنگانہ اور ہماچل پردیش کے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ لیکن ہریانہ کے عوام نے کانگریس کی گیارنٹی پر بھروسہ نہیں کیا بلکہ ٹھکرادیا ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی دونوں ریاستوں کے نتائج کا جائزہ لیں 6 گیارنٹی میں جو 420 وعدے کئے گئے ہیں ان وعدوں پر فوری عمل آوری کریں ۔ بصورت دیگر تلنگانہ میں بھی کانگریس کو عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ مقامی اداروں کے انتخابات میں عوام کانگریس کو سبق سکھائیں گے ۔ قومی جماعتوں کانگریس اور بی جے پی کو تلنگانہ کے مفادات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ مرکزی حکومت فلاحی اسکیمات ، ترقیاتی اقدامات اور بجٹ کی اجرائی میں تلنگانہ کے ساتھ نا انصافی کررہی ہے ۔ ریاست میں بی جے پی کے 8 ارکان پارلیمنٹ ہونے کے باوجود تلنگانہ سے ہونے والی نا انصافیوں کا تماشہ دیکھ رہے ہیں ۔ انتخابات میں مہم کے دوران راہول گاندھی نے ہر مصیبت میں تلنگانہ عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کا وعدہ کیا تھا ۔ حیڈرا اور موسیٰ ندی میں انہدامی کارروائیوں سے عوام پریشان ہیں ۔ آواز دے رہے ہیں مگر راہول گاندھی پلٹ کر نہیں دیکھ رہے ہیں ۔۔ 2