ہریش راؤ نے بی جے پی کارکنوں اور پولیس پر برہمی کا اظہار کیا

   


رگھونندن راؤ کو بی جے پی کارکنوں کو کنٹرول کرنے کا مشورہ ۔ بی آر ایس کارکنوں کو طلب کرنے کا انتباہ

حیدرآباد ۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیرفینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے بی جے پی کے رکن اسمبلی این رگھونندن راؤ اور پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن اسمبلی کو مشورہ دیاکہ وہ اپنے پارٹی کے کارکنوں کو کنٹرول کریں یا مجھے اپنے پارٹی بی آر ایس کے کارکنوں کو بلانے کیلئے مجبور ہونا پڑے گا۔ وزرا کا احترام نہ کرنے پر بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ضلع سدی پیٹ کے اسمبلی حلقہ دوباک میں وزراء کے دورہ کے موقع پر ہائی ڈرامہ پیش آیا۔ ترقیاتی و تعمیری کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے وزراء ہریش راؤ، نرنجن ریڈی، پی اجئے کمار، میدک رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی، آر ٹی سی صدرنشین باجی ریڈی گووردھن ریڈی، رکن اسمبلی رگھونندن راؤ دوباک پہنچے جہاں بی جے پی کارکنوں نے نعرے بازی کی جس پر ہریش راؤ برہم ہوگئے اور استفسار کیا کہ یہ کہاں کا کلچر ہے۔ ترقیاتی کاموں میں تعاون کرنا چاہئے مگر مقامی رکن اسمبلی خود رکاوٹ بن رہے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی کے رکن اسمبلی رگھونندن راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے کارکنوں کو کنٹرول کریں ورنہ وہ اپنے کارکنوں کو بلانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ پولیس کے تماشائی رہنے پر بھی ہریش راؤ نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ ہریش راؤ نے بی آر ایس کے تقریباً 2 ہزار کارکنوں کے ساتھ حبشی پور سے دوباک تک بائیک ریالی کا اہتمام کیا۔ بس اسٹانڈ کے پاس بی جے پی کارکنوں کی ہنگامہ آرائی کو دیکھتے ہوئے ہریش راؤ نے ریالی کا رخ موڑ دیا ور کہا کہ ہم حکومت میں ہیں کوئی بھی تشدد نہیں چاہتے مگر بی جے پی بھگوان اور مندر کے نام پر سیاست کرتے ہوئے حالات کو پرتشدد بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ن