ہم نے بہترین کھیل اور تسلسل کا مظاہرہ کیا:کارتک

   


احمد آباد ۔ تمل ناڈو ٹیم کے کپتان دنیش کارتک نے سید مشتاق علی ٹی 20 ٹرافی جیتنے کے بعد کہا کہ ان کی ٹیم نے پورے ٹورنمنٹ میں عمدہ کرکٹ کھیلا اور تسلسل برقرار رکھا جس کی وجہ سے ٹیم کو خطاب حاصل کرنے میں مدد ملی۔یادر ہے کہ تمل ناڈو نے اتوار کی شب بڑودہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر14 سال کے وقفے کے بعد سید مشتاق علی ٹرافی ٹی20 ٹورنمنٹ کا خطاب جیتا تھا۔ کپتان کارتک کی قیادت میں ٹیم کو خطابی جیت حاصل ہوئی اور کپتان نے اس جیت کا سہرا پوری ٹیم کو دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے ٹورنمنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔کارتک نے کہا پچھلے سال ہونے والی شکست سے ہم بہت مایوس تھے لیکن اس سال ہم نے کافی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی لے برقرار رکھی۔ ٹی نٹراجن اور واشنگٹن سندر جیسے کھلاڑی جو اس وقت ہندوستانی ٹیم میں شامل ہیں گذشتہ سال ہمارے لئے اس ٹورنمنٹ میں کھیلے تھے ۔ جیسے یہ کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر پہنچے ہیں ویسے ہی مجھے یقین ہے کہ کئی اورکھلاڑی یہاں سے اس سطح پر جائیں گے ۔ اس سیزن میں کئی کھلاڑیوں نے بہترین مظاہرہ کیا ہے ۔