ہمیشہ غریب عوام کو دستیاب رہوں گا: فاروق حسین

   

خودکشی کرنے والے شاد اللہ کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے مالی امداد کی
حیدرآباد۔ 28 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سابق رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین نے غریب عوام کی خدمات کے لئے ہمیشہ دستیاب رہنے کا اعلان کیا ہے۔ ضلع سدی پیٹ کے رائے پول منڈل ہیڈکوارٹر پر محمد شاد اللہ نامی شخص نے قرض کے بوجھ سے خودکشی کرلیا۔ اطلاع ملتے ہی فاروق حسین آج صبح متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور اپنی طرف سے 10 ہزار روپے کی مالی امداد کی۔ چھوٹی عمر میں شاد اللہ کی موت پر صدمہ کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمیشہ رہنے کا یقین دلایا۔ ان کے بچوں کو ٹمریز میں داخلہ دلواتے ہوئے تعلیم دلانیکا بھروسہ دلایا۔ فاروق حسین نے نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے خودکشی کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا۔ نوجوانوں کے جلد بازی میں لئے جانے والے فیصلوں سے ارکان خاندان مشکلات سے دوچار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاد اللہ کاروبار کرتے ہوئے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پال رہے تھے، کاروبار میں نقصان ہو جانے کی وجہ سے قرض کا بوجھ بڑھ جانے پر خودکشی کرلی ہے۔ خودکشی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے فاروق حسین نے کہا کہ غریب عوام جہاں بھی مصیبت میں رہیں گے وہ ان کے لئے ہمیشہ دستیاب رہیں گے۔ نہوں نے کہا کہ عہدے کبھی بھی مستقل نہیں ہوتے عہدے رہے یا نہیں رہے وہ گزشتہ 30 سال سے دوباک کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وہ اپنی آخری سانس تک ہمیشہ اسمبلی حلقہ دوباک کے عوام کے ساتھ رہیں گے۔ فاروق حسین نے کہا کہ دیہی علاقوں میں نوجوان شراب، بیٹنگ لعنتوں کا شکار ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے ایسے واقعات منظر عام پر آرہے ہیں۔ والدین محنت مزدوری کرتے ہوئے اپنے بچوں کو پڑھا رہے ہیں۔ طلبہ کی ذمہ داری ہے وہ اعلیٰ مقام حاصل کرتے ہوئے اپنے والدین کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کی کوشش کریں اس موقع پر بی آر ایس کے دوسرے قائدین بھی موجود تھے۔ 2