ہمیں آبا واجداد کے بھائی چارہ کے راستے پرچلنا ہوگا:مولاناارشد مدنی

   

نئی دہلی: ملک میں بڑھتی نفرت اور اشتعال انگیزی کے درمیان جمعیۃ علمائے ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے ملک میں بھائی چارہ اورہندواورمسلمانوں کے درمیان اخوت و محبت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس ملک کو جنت بنانا ہے تو یہاں کے باشندوں کو اپنے آباو اجداد کے بھائی چارہ اور میل ملاپ کے راستے پرچلنا ہوگا۔مولانا مدنی نے یہ اپیل آج فیروزپور جھرکہ میں ہندو مسلم فسادزدگان کے درمیان پلاٹ اور مکان کیلئے امدادی چیک تقسیم کرتے ہوئے کی۔انہوں نے ملک میں جاری نفرت انگیز ماحول کی طرف اشار ہ کرتے ہوئے کہا کہ نفرت کی سیاست کا مقابلہ ملک میں بھائی چارہ کی فضا قائم کرکے اور صحیح راستے پر چل کر ہی کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فساد میں خواہ ہندو ملوث ہوں یا مسلمان ہم دونوں کی مذمت کرتے ہیں اور ایک دوسرے سے مل کر رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس لئے جو لوگ مذہب کا استعمال نفرت اورتشددبرپاکرنے کیلئے کرتے ہیں، وہ مذہبی نہیں ہوسکتے۔
انہیں اپنے مذہب کا سچاپیروکار نہیں کہا جاسکتا، اس حساس مسئلہ پر ارباب اقتدارکو سنجیدگی سے غورکرنا چاہئے مگر افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ سیاست داں اقتدارکی خاطر ملک اورعوام کے مسائل کی جگہ صرف اورصرف مذہب کی بنیادپر نفرت کی سیاست کررہے ہیں جو ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت روز روشن کی عیاں ہے کہ نفرت کی سیاست آپ کو سکون سے رہنے نہیں دے گی اور نہ ہی پڑوس میں رہنے والوں کوچین سے بیٹھنے دے گی۔