واشنگٹن : اپنی نائب صدر کملا ہیرس کے حق میں صدارتی دوڑ سے دستبردار ہونے کے بعد پہلی مرتبہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی دستبرداری کی وجہ بتا دی۔سی بی ایس پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ان کی دستبرداری کی وجہ ان کے ریپبلکن حریف ڈونالڈ ٹرمپ کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنی دستبرداری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ صدر بننا میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ ایسا کرنا ملک کیلئے میری ذمہ داری ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے سے دستبرداری کے بارے میں مشورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ کام کرنا پڑا کیونکہ ہماری جمہوریت خطرے میں تھی۔ ہمیں ٹرمپ کو شکست دینا اور ہرانا چاہیے۔بائیڈن نے مزید کہا کہ ٹرمپ نے عوامی طور پر خبردار کیا ہے کہ اگر وہ الیکشن نہیں جیتتے ہیں تو خونریزی کی جائے گی۔ لیکن ساتھ ہی انہوں نے امریکہ میں جمہوریت کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریپبلکن امیدوار کو وائٹ ہاؤس میں واپس آنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔