نئی دہلی: ہندوستان اور یوروپی یونین نے خواتین کو بااختیار بنانے ، مساوات اور جامع ترقی کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔ خواتین و بہبود اطفال کی مرکزی وزیر اناپورنا دیوی نے کل دیر شام یہاں یوروپی یونین کی کمشنر برائے مساوات، تیاری اور بحران کے انتظام کی کمشنر ہادجا لاحبیب سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزارت نے آج یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ یہ میٹنگ خواتین کو بااختیار بنانے کی پالیسیوں اور خواتین اور بچوں کی بہبود کیلئے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے میں ہندوستان، یوروپی یونین تعلقات کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے ۔یہ ملاقات یوروپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین کے اعلیٰ سطحی دورے کا حصہ ہے ۔ وہ ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ ان کے ساتھ کمشنرز کے گروپ میں 26 وزراء بھی شامل ہیں۔اناپورنا دیوی اور لاحبیب نے خواتین کو بااختیار بنانے اور بچوں کی بہبود کے شعبوں میں ہندوستان، یوروپی یونین کے تعاون کو مضبوط بنانے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خواتین اور بچوں خصوصاً کمزور اور پسماندہ کمیونٹیز کے بچوں کی فلاح و بہبود کو آگے بڑھانے والی جامع پالیسیوں کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔