تلنگانہ میں جانا ریڈی اور کے لکشما ریڈی نشانہ پر
حیدرآباد3 نومبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت جن ریاستوں میں انتخابات ہونے ہیں ان ںمیں مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کرکے کانگریس امیدواروں اور ان کے افراد خاندان کو نشانہ بنانے لگی ہے ۔ اپوزیشن کے الزامات ہیں کہ مرکزی حکومت اور بی جے پی نے ملک میں اپوزیشن کو کچلنے ای ڈی ‘ سی بی آئی اور انکم ٹیکس کا استعمال کرکے انہیں ہراساں کر رہی ہے اور اب توثیق ہونے لگی ہے کیونکہ ملک میں 5ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کا عمل جاری ہے اور 3 ریاستوں میں ای ڈی ‘ انکم ٹیکس اپنی کاروائیوں میں مصروف ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس امیدوار کے لکمشاریڈی اور ان کے افراد خاندان کے علاوہ سابق وزیر جانا ریڈی کے فرزند رگھویراریڈی کے مکان کے علاوہ دیگر کانگریسی امیدواروں کے مکان و دفاتر پر انکم ٹیکس دھاوے جاری ہیں جبکہ بعض دیگر تجارتی گھرانوں پر بھی دھاوے کی اطلاعات ہیں ۔ انتخابات کے دوران انکم ٹیکس یا دیگر اداروں کی کاروائیاں نہ صرف امیدواروں بلکہ پارٹی کیلئے بھی مشکل کا سبب بنتی ہیں اور مرکز میں بی جے پی زیر قیادت حکومت کی نگرانی میں کام کرنے والے ادارہ جات بشمول انکم ٹیکس نہ صرف تلنگانہ بلکہ راجستھان اور مدھیہ پردیش میں بھی سرگرم ہیں۔ راجستھان میں ای ڈی کی جانب سے نہ صرف چیف منسٹر اشوک گہلوٹ کے فرزند وئیبھو گہلوٹ کو سمن جاری کیا گیا بلکہ کانگریس قائدین بشمول صدرپردیش کانگریس کے مکان پر بھی دھاوا کیا گیا ۔ راجستھان میں جل جیون مشن اسکام کے نام پر 25 مختلف مقامات پر دھاوے کرکے ای ڈی کی کارروائی میںپولیس نے ای ڈی عہدیداروں کی رشوت طلبی اور وصولی کی شکایات پر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ۔ اسی طرح مدھیہ پردیش میں سابق چیف منسٹر کمل ناتھ اور ان کے بھانجے راتول پوری کو ای ڈی کی نوٹس اور دھاوے کے علاوہ دیگر کانگریس قائدین کو نشانہ بنایا جانے لگا ہے اور دعویٰ کیا جار ہاہے کہ ان پر منی لانڈرنگ کا الزام ہے اور بینک دھوکہ دہی معاملہ میں ای ڈی کی تحقیقات جاری ہیں۔ مرکزی ایجنسیوں کی انتخابی ریاستوں میں کاروائیوں کو انتقامی کاروائی اور مخالف بی جے پی قائدین کو نشانہ بنانے کی کوشش قرار دے کر کہا گیا کہ ان ریاستوں میں بی جے پی اپنے اقتدار کو یقینی بنانے ایجنسیوں کا استعمال کر رہی ہے ۔ ملک کی تین ریاستوں میں ان کارروائیوں اور ان تمام ریاستو ںمیں کانگریس قائدین پر کاروائیوں سے یہ واضح ہونے لگا کہ عوامی رجحان کدھر ہے اور مرکز اس رجحان کو تبدیل کرنے کوشاں ہے ۔