ہندوستان درآمد کی جانے والی 30 اشیاء پر ڈیوٹی میں کمی کا امکان

   

امریکہ ، چین اور جاپان جیسے ممالک کو فائدہ
حیدرآباد۔/12 فروری، ( سیاست نیوز) امریکہ میں ڈونالڈ ٹرمپ کے برسراقتدار آنے کے بعد مختلف ممالک سے تجارتی تنازعات کا آغاز ہوچکا ہے اور امریکہ نے چین کے بشمول بعض دیگر ممالک سے درآمد ہونے والی اشیاء پر ٹیرف لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان نے موجودہ حالات میں امریکہ کے ساتھ بہتر تجارتی رشتوں کو یقینی بنانے کیلئے مساعی کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ امریکہ سے درآمد کی جانے والی 30 اشیاء پر ہندوستان نے ٹیرف میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ دفاع اور برقی شعبہ جات سے متعلق اشیاء کی درآمدات کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہندوستان اور امریکی عہدیداروں کے درمیان مذاکرات کے موقع پر 30 مختلف پراڈکٹس کی ڈیوٹی میں کمی کا فیصلہ کیا جائے گا جن میں لکثرری گاڑیاں، الیکٹرانکس، کیمیکلس، ٹیکسٹائیلس اور موٹر سائیکل شامل ہیں۔ مرکزی حکومت نے حالیہ بجٹ میں الیکٹرانک اور ٹیکسٹائیل شعبہ میں مختلف اشیاء پر امپورٹ ڈیوٹی میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ لکثرری گاڑیوں کی درآمدات پر ڈیوٹی کا اطلاق گاڑیوں کی مالیت کے اعتبار سے رہے گا۔ 2 کروڑ اور 3 کروڑ مالیت کی گاڑیوں پر امپورٹ ڈیوٹی 70 فیصد اور 40 فیصد سیس عائد کیا جاتا ہے۔ امریکہ سے درآمدکی جانے والی مختلف اشیاء پر ڈیوٹی 5 فیصد سے کم ہے۔ طیاروں اور طیاروں کے پُرزوں پر ڈیوٹی تقریباً 5 فیصد ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکی درآمدات پر ڈیوٹی میں کمی کے نتیجہ میں امریکہ کے علاوہ چین ، جاپان اور کوریا کو بھی فائدہ ہوگا۔1