نئی دہلی، 14 اکتوبر (یو این آئی): وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کو منگولیا کی ترقی میں ایک مضبوط اور قابل اعتماد شراکت دار قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کے موقع پر منگولیا کے شہریوں کے لیے مفت ای-ویزا کا اعلان کیا ہے ۔ مودی نے ہندوستان کے دورے پر آئے منگولیا کے صدرہوریل سُکھ اُکھنا کے ساتھ یہاں دوطرفہ بات چیت کے بعد مشترکہ بیان میں کہا کہ ہندوستان منگولیا کی ترقی میں ایک مضبوط اور قابل اعتماد شراکت دار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر ہوریل سُکھ اُکھنا کا یہ دورہ ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب ہندوستان اور منگولیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 سال اور اسٹریٹجک شراکت داری کے 10 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھ سال بعد منگولیا کے صدر کا ہندوستان آنا ایک بہت خاص موقع ہے ۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان منگولیا کے شہریوں کو مفت ای-ویزا دے گا۔
اور ہر سال منگولیا سے نوجوان “کلچرل ایمبیسیڈرز” کے ہندوستان دورے کا انتظام بھی کرے گا۔