ہندوستان میں تیار کردہ موٹر گاڑیوں کی دنیا بھر میں مقبولیت

   

تاملناڈو سے ایک سال میں 32 ہزار کروڑ کی برآمدات، گجرات اور مہاراشٹرا کا بھی بہتر مظاہرہ

حیدرآباد، 29 نومبر (سیاست نیوز): یوں تو ہندوستان میں دنیا کے مختلف ممالک میں تیار کردہ گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، لیکن ہندوستان میں تیار کردہ موٹر گاڑیاں بھی اپنی مقبولیت میں کسی سے کم نہیں ہیں۔ 2026 کے دوران ہندوستان میں تیار کردہ موٹر گاڑیوں کی برآمدات کا سروے کیا گیا۔ اس سروے میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ہندوستان میں تیار کردہ موٹر کاریں مختلف ریاستوں سے دنیا کے مختلف ممالک کو بھیجی جا رہی ہیں۔ مالیاتی سال 2026 میں موٹر گاڑیوں کی برآمدات میں تاملناڈو سرفہرست رہا۔ ایک سال کے دوران تاملناڈو سے 32711 کروڑ مالیت کی موٹر گاڑیوں کی برآمدات ہوئی ہیں۔ اس معاملے میں گجرات دوسرے نمبر پر ہے۔ گجرات سے 18857 کروڑ مالیت کی کاروں کی برآمدات کی گئیں۔ مہاراشٹرا 15285 کروڑ مالیت کی گاڑیوں کی برآمدات کے ساتھ ملک میں تیسرے نمبر پر ہے۔ ہریانہ سے مالیاتی سال 2026 کے دوران 14178 کروڑ کی گاڑیاں برآمد کی گئیں۔ کرناٹک اور آندھرا پردیش بھی اس فہرست میں کسی سے کم نہیں۔ ان ریاستوں سے علی الترتیب 5567 اور 4676 کروڑ مالیت کی گاڑیوں کی برآمدات ہوئی ہیں۔ سروے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2026 کے دوران ملک بھر سے 98080 کروڑ مالیت کی گاڑیوں کی برآمدات کی گئیں۔ دنیا کے مختلف علاقوں میں ہندوستانی گاڑیوں کی برآمدات میں اضافے کی اہم وجہ ہندوستان میں معیاری اور سہولت بخش گاڑیوں کی تیاری ہے۔ کئی کمپنیوں نے عوام کی سہولت کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کا آغاز کیا ہے۔ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں الیکٹرک گاڑیاں اہم رول ادا کر رہی ہیں۔1