نئی دہلی: ہندوستان ، روس سے کوئلہ خریدنے کے لیے ڈالر کے بجائے ایشیائی کرنسیوں کا استعمال کر رہا ہے، ریزرو بینک آف انڈیا نے اجناس کے لیے بھی ہندوستانی روپے میں ادائیگیوں کی منظوری دے دی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کسٹم دستاویزات اور انڈسٹری ذرائع کے مطابق روس پر عائد مغربی پابندیوں کی خلاف ورزی کے خطرے کو کم کرنے کے لیے ہندوستانی کمپنیاں روسی کوئلے کی درآمدات کی ادائیگی کے لیے امریکی ڈالر کے بجائے اکثر ایشیائی کرنسیوں کا استعمال کر رہی ہیں۔ اس سے قبل ہندوستان کی جانب سے کوئلے کے ایک بڑے معاہدہ کی اطلاع دی گئی تھی جس میں چینی یو آن کا استعمال کیا گیا تھا لیکن کسٹم کے اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ کس طرح ڈالر کے بجائے دیگر کرنسیوں میں لین دین عام ہوتا جا رہا ہے۔ یوکرین میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے ہندوستان نے روسی تیل اور کوئلے کی خریداری میں جارحانہ انداز میں اضافہ کیا ہے جس سے روس کو پابندیوں کے اثرات سے بچنے میں مدد ملی اور ہندوستان نے روس کی جانب سے دوسرے ممالک کے مقابلے میں رعایت پر خام مال حاصل کیا۔ گھریلو صارفین کے لیے کوئلہ خریدنے والے اور یورپ میں روسی کوئلے کا سودا کرنے والے تاجروں کا کہنا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ روسی کوئلے کی لین دین کے لیے ڈالر کے علاوہ دیگر کرنسیوں کا استعمال بڑھے گا کیونکہ بینک اور دیگر فریق اپنے آپ کو مزید ممکنہ سخت پابندیوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے طریقہ تلاش کر رہے ہیں۔امریکی ڈالر کا استعمال کرتے ہوئے روسی کوئلہ خریدنا ہندوستانی کمپنیوں کے لیے غیر قانونی نہیں ہے۔