نئی دہلی : ہندوستان نے خطہ میں جنگی جنون جاری رکھتے ہوئے جدید ترین ہتھیار خریدنے کیلئے 843ارب سے زائد کی منظوری دے دی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہندوستانی وزارت دفاع نے لائٹ ٹینکس، بحری جہاز شکن میزائلوں اور لانگ رینج گائیڈڈ میزائلوں کی خریداری کیلئے 843 ارب 28 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔ جدید دفاعی ساز و سامان خریدنے کی منظوری ڈیفنس ایکوئیزیشن کونسل نے دی جس کے سربراہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ہیں۔ میڈیا کے مطابق ہندوستان یہ ہتھیار اور دیگر دفاعی سازوسامان ایک ایسے وقت میں خرید رہا ہے جب چین اور ہندوستان کے درمیان لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر کشیدگی جاری ہے۔ ہندوستانی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ تینوں مسلح افواج کیلئے جدید ہتھیاروں کی خریداری کی24تجاویز کی منظوری دی گئی ہے، اس میں ہندوستانی فوج اور فضائیہ کیلئے 6،6 جبکہ بحریہ کیلئے 10اور کوسٹ گارڈ کیلئے 2 تجاویز شامل ہیں۔ وزارت دفاع کے مطابق ان 24 بڑی دفاعی خریداریوں پر 84 ہزار 328 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ ایک نئی تجاویز کے تحت جدید انفنٹری کامبیٹ وہیکل، لائٹ ٹینک، بحریہ کیلئے اینٹی شپ میزائل، ویسلز، نئے میزائل سسٹمز، لانگ رینج گائیڈڈ بم اور جدید آف شور پٹرول ویسلز خریدے جائیں گے۔ ہندوستانی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ تمام دفاعی ساز و سامان اور ہتھیار مقامی ذرائع سے خریدے جائیں گے۔یاد رہے کہ ہندوستان کو اس وقت نہ صرف ملک میں بلکہ دیگر ممالک سے بھی تنقیدوں کا یہ کہہ کر نشانہ بنایا جارہا ہے کہ اروناچل پردیش کے قابل لحاظ علاقوں میں چین نے دراندازی کردی ہے لیکن متعدد یاددہانیوں کے باوجود ہندوستان اس معاملہ پر ٹس سے مس نہیں ہو رہا ہے اور چین کے خلاف کارروائی سے گریز کررہا ہے۔